مویشی منڈی میں 400سے زائد اونٹ پہنچ گئے
کراچی(دنیا ڈیسک )ناردرن بائی پاس پر لگنے والی قربانی کے جانوروں کی مویشی منڈی میں ملک بھر سے مویشیوں کی آمد کا سلسلہ تیز ہوگیا۔ گائے بیل اور بکروں کے علاوہ اونٹ بھی مویشی منڈی آنا شروع ہو گئے ۔
پاکستان کے مختلف شہروں سے منڈی میں لائے گئے اونٹوں کی دھوم۔ سندھ، ڈیرہ اسماعیل خان، بہاولپور ، رحیم یار خان سمیت پاکستان کے مختلف شہروں سے منڈی میں اب تک 400سو سے زائد اونٹ قربانے کے لئے پہنچ گئے ہیں۔ لاری، سندھی، تھری،ساکرہ،پہاڑی اور دیسی سمیت مختلف نسلوں کے اونٹ منڈی کی زینت بنے ہوئے ہیں۔ ترجمان مویشی منڈی نوید بیگ کے مطابق منڈی کی رونقوں میں ہر روز اضافہ ہورہا ہے شہریوں کی بڑی تعداد منڈی میں خریداری کے لیے پہنچ رہی ہے ۔ مویشی منڈی میں اس سال سہولتوں میں اضافہ کیا گیا ہے بالخصوص کراچی کے مختلف علاقوں سے آنے والے خریداروں کی سہولت کے لیے معروف ریسٹورنٹ ، مسجد، بیت الخلاء، وسیع پارکنگ کے ساتھ سیکیورٹی کا موثر انتظام کیا گیا ہے ۔ شہریوں کی بڑی تعداد دن شام ڈھلے سے رات تک منڈی کا دورہ کررہی ہے ۔مویشی منڈی کو جانے والی اہم سڑکوں پر پولیس کی نفری اور موبائلیں تعینات کردی گئی ہیں اور عارضی چوکیاں بھی تعمیر کی گئی ہیں۔ گلشن معمار، احسن آباد، سرجانی اور سائٹ سپر ہائی وے کے راستوں پر پولیس کی پیٹرولنگ جاری ہے۔