گورنر سندھ کا مویشی منڈی کا دورہ،انتظامات کی ستائش

گورنر سندھ کا مویشی منڈی کا دورہ،انتظامات کی ستائش

کراچی (اے پی پی)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے سہراب گوٹھ میں واقع مویشی منڈی کا دورہ کیا۔ مویشی منڈی کی انتظامیہ نے گورنر سندھ کا استقبال کیا اور منڈی سے متعلق انہیں تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

گورنر سندھ نے بیوپاریوں اور خریداروں سے سہولیات کے حوالہ سے بات چیت کی۔ میڈیا سے گفتگو میں گورنر سندھ نے کہا کہ مویشی منڈی میں خریدار اور بیوپاریوں کے لئے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مویشی منڈی کو ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی ہونے کا اعزاز حاصل ہے ۔ اس ضمن میں آئی جی سندھ پولیس کو مویشی منڈی میں مزید حفاظتی انتظامات کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ گورنر ہاؤ س میں گزشتہ سال کی طرح امسال بھی 100 اونٹوں کی قربانی کی جائے گی، آج میری صاحب ثروت لوگوں سے درخواست ہے کہ غرباکے لئے پورے سال ہی گوشت کا بندو بست کریں کیونکہ مہنگائی نے عام آدمی کی گوشت خریدنے کی سکت ہی ختم کردی ہے ۔علاوہ ازیں گورنرسندھ سے نیدر لینڈ کی سفیر ہنری ڈی ریز نے گورنر ہاؤ س میں ملاقات کی۔ ملاقات میں اقتصادی ، ثقافتی تعلقات ، تجارت میں اضافہ ، سرمایہ کاری سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعد ازاں گورنر سندھ کے ہمراہ نیدر لینڈ کی سفیر نے قرعہ اندازی میں خوش نصیب طلباکو موٹر سائیکل، لیپ ٹاپ اور آئی فونز دیئے ۔ اس موقع پر نیدرلینڈز کی سفیر نے کہا کہ گورنر سندھ کے اقدامات بہت ہی شاندار ہیں یہاں طلباکو بہترین سہولیات دی جارہی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں