وفاق یا سندھ حکومت سے خصوصی فنڈز نہیں ملے ،میئر سکھر

وفاق یا سندھ حکومت سے خصوصی فنڈز نہیں ملے ،میئر سکھر

سکھر(رپورٹ:شنکرلعل وادھوانی)سکھر کے میئر ارسلان شیخ نے سکھر کو ستائیس ارب روپے کے فنڈز ملنے اور بلدیاتی نمائندوں میں اختلافات کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے۔

 کہ گزشتہ آٹھ سال میں سکھر کو وفاق یا سندھ حکومت کی جانب سے کسی قسم کے خصوصی فنڈز نہیں ملے ،شہر میں آج تک جو کام کیا ہے وہ بلدیہ کے اپنے وسائل سے کیا ہے ، اب تک عید، محرم یا سیلابی صورتحال میں بھی سکھر کو کوئی خصوصی فنڈز نہیں ملا ،شہر کی تمام سڑکوں کی تعمیر ومرمت کردی گئی ، باقی رہ جانے والی سڑکوں کی مرمت بھی جلد کرائی جائے گی۔ اپنی رہائش گاہ سکھر ہاؤس پر ڈپٹی میئر ڈاکٹر ارشد مغل و دیگر بلدیاتی نمائندوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے میئر سکھر نے مزیدکہا کہ چند لوگ سکھر کے بلدیاتی نمائندوں میں اختلافات کی خبریں پھیلا رہے ہیں جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ،سکھر کے تمام بلدیاتی نمائندے ایک پیج پر ہیں ۔ان کا کہناتھا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی بارسکھر میں فری مویشی منڈی لگائی گئی ہے جس میں خریدار کو مویشی خریدنے پر کوئی ٹیکس نہیں دینا پڑیگا ،تاہم بیوپاریوں کو ٹیکس دینا ہوگا یہ فیصلہ مہنگائی کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بار عید الاضحیٰ پر صفائی ستھرائی کی صورتحال بہتر رکھنے کے لیے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے ساتھ مل کر پلان بنایا گیا ہے ،جس کے تحت قربانی کرنے والے شہریوں کو چھبیس ہزار سے زائد بیگز فراہم کیے جائیں گے اور ان کو پابند بنایاجائے گا کہ وہ اپنی آلائشیں اس میں ڈال کر رکھیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں