زرعی پانی کی غیر منصفانہ تقسیم کے خلاف آبادگاروں کادھرنا

زرعی پانی کی غیر منصفانہ تقسیم کے خلاف آبادگاروں کادھرنا

میرپور خاص (بیورورپورٹ) زرعی پانی کی غیر منصفانہ تقسیم، آبپاشی افسران کی مبینہ کرپشن اور شدید آبی قلت کیخلاف آبادگاروں نے نوکوٹ سے میرپورخاص تک ریلی نکال کر میرپورخاص حیدرآباد روڈ پر دھرنا دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق نارا کینال سے نکلنے والی جمڑاو اور میٹھڑاو کینال کی شاخوں کے آخری حصوں میں زرعی پانی کی شدید قلت ،غیر منصفانہ آبی تقسیم اور محکمہ آبپاشی افسران کی مبینہ کرپشن کے خلاف ٹیل آبادگار ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ہزاروں آبادگاروں نے ارباب انور، میر اعجاز تالپور، پروفیسر محمد یوسف راجپوت اور دیگر کی قیادت میں نوکوٹ سے بڑی ریلی نکالی جو جھڈو، ٹنڈوجان محمد، ڈگری، میرواہ گورچانی اور دیگر شہروں سے ہوتی ہوئی میرپورخاص پہنچی جس کے بعد آبادگاروں نے میرپورخاص حیدرآباد روڈ پر واقع جمڑاو کینال کے پل پر دھرنا دے دیا،دھرنے کے باعث دونوں اطراف کی ٹریفک معطل ہو گئی اور ٹریفک جام میں پھنسے مسافروں خصوصا ً فیملیوں کو شدید گرمی میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ اس موقع پر آبادگار رہنماوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 15 روز سے مسلسل احتجاج اور دھرنا دیے ہوئے ہیں لیکن کوئی بھی ہماری بات سننے کو تیار نہیں ہے ۔انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ پانی کی کمی کو دور کیا جائے اور شاخوں کے آخری حصوں کو مزید تباہ ہونے سے بچایا جائے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں