جیکب آباد:ایڈز کے مریضوں میں ہولناک اضافے کا انکشاف

جیکب آباد:ایڈز کے مریضوں میں ہولناک اضافے کا انکشاف

جیکب آباد(نمائندہ دنیا )جیکب آباد میں ایڈز کے کیسزمیں ہولناک اضافے کا انکشاف ہواہے ، جمس اسپتال میں 70سے زائد ایڈز کے مریض زیر علاج ہیں۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد اور اس کے گردونواح کے علاقوں میں ایچ آئی وی ایڈز کے کیسز میں ہولناک اضافے کا انکشاف ہوا ہے ۔

یہ انکشاف ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر واجد حسین بھٹو کی جانب سے جمس اسپتال میں سماجی رویوں میں مثبت تبدیلی اور بیماریوں سے بچاؤ کی مہم کے موضوع پر منعقدہ اسٹیک ہولڈرز کے اجلاس کے موقع پر جمس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالکریم جمالی نے کیا۔ جمس ڈائریکٹر کے مطابق جمس اسپتال میں ایڈز کا علاج کیاجاتا ہے ،جیکب آباد اور گردونواح کے 70سے زائد ایچ آئی وی ایڈز کے مریضوں کا مفت علاج کیا جارہا ہے ۔اس موقع پر پی ایم اے کے رہنما ڈاکٹر اے جی انصاری نے کہا کہ جیکب آباد اور گردونواح میں 100 سے زائد ایڈز کے مریض موجود ہیں،ایڈز کی وبائپھیلنے کی بنیادی وجہ ایک انجکشن کا بار بار استعمال ہے ، خصوصاً منشیات کے عادی افراد یہ عمل کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ ایڈز کی روک تھام کے لیے ہمیں عوام میں شعور پیدا کرنے کی ضرورت ہے جبکہ حکومت کو چاہیے کہ وہ ایڈز میں مبتلا مریضوں کو علاج کی بہتر سہولیات فراہم کرے ۔ اجلاس میں ایم ایس سول اسپتال ڈاکٹر عبدالماک کھرل، نیاز احمد ابڑو، ڈاکٹر منیر احمد سومرو، ڈاکٹر عبیداللہ برڑو اور دیگر شریک تھے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں