بلدیہ عظمیٰ :آلائشیں اٹھانے ،ٹھکانے لگانے کی تیاریاں مکمل

 بلدیہ عظمیٰ :آلائشیں اٹھانے ،ٹھکانے لگانے کی تیاریاں مکمل

کراچی(اسٹاف رپورٹر )وزیر بلدیات سندھ سعید غنی سے ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے ملاقات کی اور ملاقات میں عیدالاضحی اور ممکنہ مون سون بارشوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے صوبائی وزیر بلدیات کو بتایا کہ کے ایم سے کے تحت سالڈ ویسٹ اور ٹائونز کے مابین عیدالاضحی کے دوران آلائشوں کو اٹھانے اور انہیں ٹھکانے لگانے کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کی گئی ہیں اور ممکنہ مون سون بارشوں سے قبل کراچی کے تمام بڑے نالوں کی صفائی کا کام 20 جون سے شروع کردیا جائے گا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہونی چاہیے کہ اس سال عیدالاضحی کے موقع پر آلائشوں کو بروقت اٹھانے اور انہیں ٹھکانے لگانے کے کام میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔ کراچی کے عوام نے پیپلزپارٹی کو مینڈیٹ دیا ہے ، اس لئے کراچی کے عوام کی خدمت ہم پر لازم ہے ۔ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو ہدایات دی ہیں کہ وہ تمام ٹائونز کے ساتھ مل کر عیدالاضحی کے حوالے سے پلان کو مرتب کرے ۔انہوں نے کہا ممکنہ بارشوں کے حوالے سے محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام انتظامات بروقت مکمل کرنے ہوں گے ۔ سعید غنی نے ڈپٹی میئر سلمان مراد کو ہدایات دی کہ وہ خود تمام انتظامات کا جائزہ لیں اور جہاں لوکل گورنمنٹ کے حوالے سے کوئی مدد درکار ہو اس کی نشاندہی کریں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں