سکھر:زائد کرایہ وصولی،ٹرانسپورٹرز پر ہزاروں روپے جرمانہ

سکھر:زائد کرایہ وصولی،ٹرانسپورٹرز پر ہزاروں روپے جرمانہ

سکھر (بیورو رپورٹ)عید پر گھر جانے والے مسافروں سے زائد کرائے کی وصولی پر محکمہ ٹرانسپورٹ حرکت میں آگیا،ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی کے دوران ہزاروں روپے جرمانہ عائد، مسافروں سے لیا گیا زائد کرایہ بھی واپس کرادیاگیا۔

 تفصیلات کے مطابق سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن اور سیکرٹری ٹرانسپورٹ سندھ کے خصوصی احکامات پر محکمہ ٹرانسپورٹ نے زائد کرایوں کی وصولی کی شکایات کے سدباب کے لیے کارروائی کا آغاز کردیا ہے ۔سکھر میں آرٹی اے وسیم الدین میمن کی سربراہی میں ٹرانسپورٹ عملے نے سکھر روہڑی بائی پاس،قومی شاہراہ اور دیگر مقامات پر کراچی سے پنجاب ، پشاور اورپنجاب سے کراچی جانے والی مسافر کوچز کی چیکنگ شروع کردی اور مسافروں کی شکایات پر کئی مسافر کوچز پر ہزاروں روپے کے جرمانہ عائد کیا اور مسافروں سے لیا گیا ہزاروں روپے کا اضافی کرایہ بھی واپس کرادیا۔سیکرٹری آرٹی اے سکھر وسیم الدین میمن نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ کارر وائی وزیر ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل انعام میمن، سیکرٹری ٹرانسپورٹ، کمشنر سکھر اور ڈپٹی کمشنر سکھر کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں کی جارہی ہے اور اب تک ہم نے مختلف کارروائیوں کے دوران نہ صرف مسافر کوچز پر جرمانے عائد کیے ہیں بلکہ عید اپنوں میں منانے کے لیے جانے والے مسافروں کو ہزاروں روپے اضافی کرایہ بھی واپس کروادیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کارروائی نہ صرف عید بلکہ اس کے بعد بھی پردیسیوں کے واپس کام پر جانے تک جاری رہے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں