گوشت کا زیادہ استعمال صحت کیلئے نقصان دہ ہوسکتا ہے ، ماہرین

 گوشت کا زیادہ استعمال صحت کیلئے نقصان دہ ہوسکتا ہے ، ماہرین

کراچی(این این آئی)ماہرین صحت و غذائیت نے عید الاضحی کے دوران گوشت کا زیادہ استعمال صحت کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے ، امراض قلب، ذیابیطس، بلند فشار خون اور کولیسٹرول کے مرض میں مبتلا افراد کو زیادہ احتیاط برتنے کی تجویز دی ہے ۔

ماہر غذائیت عفیرہ انیس سعد نے کہا کہ 12 سال تک کی عمر کے بچے یومیہ 80 سے 90 گرام گوشت کھا سکتے ہیں، 12 سال سے 22 سال تک کے بچے اور نوجوان 70 گرام روزانہ گوشت کھا سکتے ہیں، اگر ہم 22 سال سے بڑی عمر کے افراد کی بات کریں تو اس کو دن میں 65 گرام سے زیادہ گوشت نہیں کھانا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ صحت مند افراد کو پورے ہفتے میں 450 سے 600 گرام گوشت کی ضرورت ہوتی ہے لیکن بزرگ افراد، بلڈ پریشر، امراض قلب اور کولیسٹرول کے مرض میں مبتلا افراد گوشت کم مقدار میں کھائیں، خاص طور پر بیف سے پرہیز کریں اور اگر ان کو کھانا ہے تو مچھلی، دیسی مرغی اور مٹن استعمال کریں کیونکہ بیف سے مزید کولسٹرول بڑھتا ہے ۔ شہری گوشت کھائیں مگر دن مین 70 گرام ہی کھائیں، ایک مکمل ڈائٹ پلان میں دالیں، سبزیاں، دودھ، دہی اور سلاد بھی شامل ہوتا ہے ، بہترین ہاضمے کے لیے لیموں اور سرکے کی پیاز کھائیں۔جناح اسپتال کراچی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عمر سلطان نے کہا کہ نوجوان افراد جن کو کوئی مرض نہیں وہ اعتدال میں رہتے ہوئے گوشت کی اچھی مقدار کھا سکتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں