ٹریفک حادثے میں میاں بیوی ہلاک،7 سالہ بچہ نہر میں ڈوب گیا

ٹریفک حادثے میں میاں بیوی ہلاک،7 سالہ بچہ نہر میں ڈوب گیا

محراب پور، ٹنڈو محمد خان، کنڈیارو (نمائندگان دنیا) اندرون سندھ مختلف ٹریفک حادثات و واقعات میں میاں بیوی سمیت 3 افراد چل بسے ۔۔

جبکہ 9 زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق قومی شاہراہ پر لاکھا پٹرول پمپ کے قریب ٹریفک حادثے میں میاں بیوی چل بسے ، جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔ نیو جتوئی پولیس کے مطابق قومی شاہراہ پر موٹر سائیکل سوار امر داس باگڑی اور اس کی اہلیہ پاروتی باگڑی کو نامعلوم کار نے ٹکر ماری، جبکہ حادثے میں سیوان باگڑی شدید زخمی ہوگیا، جسے علاج کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ حادثے کا ذمہ دار کار ڈرائیور فرار ہو گیا۔کورائی تھانے کی حدود انڈس ہائی وے پر میانی کے قریب سیہون شریف سے گمبٹ واپس جانیوالی زائرین کی وین ڈرائیور کی غفلت کے باعث درخت سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں 6 افراد ڈرائیور رب نواز لاکھو، عمران لاکھو، وقار لاکھو، عمران جامڑو، ابرار لاکھو، یاسر لاکھو زخمی ہوگئے ، جنہیں مقامی افراد اور کورائی پولیس نے مورو اسپتال منتقل کر دیا۔ ٹنڈو محمد خان روڈ کنڈرا چوک پر تیز رفتار کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار اقبال عرف بالی اور ندیم نامی شخص زخمی ہوگئے ، جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔فرار ہوتے کار ڈرائیور کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ دوسری جانب کنڈیارو کے نواحی علاقے خانواہن کی نو لکھی مائنر میں 7 سالا بچہ ڈوب گیا۔مقامی غوطہ خوروں نے چار گھنٹے بعد لاش نکال کر اسپتال منتقل کردی ، جہاں اس کی شناخت مسعود ولد شمن لانگاہ کے نام سے ہوئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں