عوام کی خدمت کا حلف لینے والے میدان میں ہیں، میئر

 عوام کی خدمت کا حلف لینے والے میدان میں ہیں، میئر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت کا حلف لینے والے میدان میں موجود ہیں، تنقید کرنے والے تنقید کرتے رہیں ہم کام کرتے ہیں اور کام کو احسن طریقے سے انجام بھی دیتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید کے دنوں میں شہر کے مختلف علاقوں میں آلائشوں کے آپریشن کی مسلسل نگرانی اور انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا، اس موقع پر میونسپل کمشنر افضل زیدی، مینیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سید امتیاز شاہ اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ میئر کراچی نے مزید کہا کہ اپوزیشن اور سیاسی جماعتوں کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں، تمام 25 ٹاؤنز میں ہمارے لوگ کام کررہے ہیں، چھوٹی اور بڑی گاڑیاں صفائی کے کاموں میں مصروف ہیں، سب ملکر کام کررہے ہیں اور عوام کی خدمت میں مصروف ہیں، عوام کی خدمت ہمارا نصب العین ہے جنہوں نے ہم پر اعتماد کیا اور پیپلز پارٹی کو ووٹ دے کر کراچی میں تاریخ رقم کی، میئر کراچی نے کہا کہ عید کے تینوں دنوں میں آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے بعد چونا ڈالا گیا اور فیومیگیشن بھی کی گئی، جو بھی وسائل ہمارے پاس موجود ہیں اس سے عوام کی خدمت کررہے ہیں، سینٹری اسٹاف کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ گرمی کے دنوں میں بھی عملے نے بہترین کام کیا، ہم اختیارات کا رونا رونے کے بجائے عوام کی خدمت پر عمل پیرا ہیں، انشاء اللہ ترقی کا یہ سفر جاری و ساری رہے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں