ملیر ٹرائل کورٹ کومنشیات کامقدمہ3ماہ میں نمٹانے کی ہدایت

 ملیر ٹرائل کورٹ کومنشیات کامقدمہ3ماہ میں نمٹانے کی ہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے ملیر کی ٹرائل کورٹ کوہدایت کی کہ منشیات کے مقدمے کا تین ماہ میں سماعت مکمل کرکے فیصلہ سنایاجائے ۔ عدالت عالیہ نے یہ احکامات منشیات کیس کے ملزم عمران کی درخواست ضمانت پر جاری کیے ۔

ملزم محمد عمران نے ٹرائل کورٹ سے درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد لیاقت علی ایڈووکیٹ کے توسط سے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیاتھا۔ ہائیکورٹ نے ڈکیتی کے الزام میں قیدو جرمانے کی سزاپانے والے ملزم شہزاد کی سزا کی اپیل پر پراسکیوشن کو نوٹس جاری کردیے ۔ عدالت عالیہ نے سزا معطلی کی درخواست پربھی نوٹس جاری کئے ۔ملزم کو ایڈیشنل سیشن جج ایسٹ نے ڈکیتی کے مقدمہ میں7سال قید اور 30 ہزار جرمانہ جبکہ اسلحہ کے کیس میں تین سال سزا اور10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی ۔علاوہ ازیں سندھ ہائیکورٹ نے نجی سیکیورٹی کمپنی بند کرنے کیخلاف دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل طلب کرلئے ۔ جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو اور جسٹس عمر سیال پر مشتمل ڈویژن بینچ میں نجی سیکیورٹی کمپنی کو بند کرنے کیخلاف دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیارکیا کہ بغیر کسی نوٹس کے ہماری کمپنی بند کردی گئی جبکہ محکمہ داخلہ نے 31 نجی سیکیورٹی کمپنیز کو ڈی لسٹ کر دیا ہے ۔عدالت نے دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے یانہ ہونے پر دلائل طلب کر لیے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں