ریکارڈ کھالیں الخدمت کو دینے پر اہل کراچی کے مشکور ،نوید علی

 ریکارڈ کھالیں الخدمت کو دینے پر اہل کراچی کے مشکور ،نوید علی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیف ایگز یکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے کہا ہے کہ قربانی کی ریکارڈ کھالیں الخدمت کو دینے پر اہل کراچی کے مشکور ہیں ۔شہریوں کایہ جذبہ قابل قدر ہے ۔

الخدمت کے تحت عیدالا ضحی پر سیکڑوں فی سبیل اللہ(وقف) قربانی کی گئیں جس میں اہل خیر نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور قربانی کا گوشت مستحقین اور ضرورت مندوں تک پہنچایا گیا۔ الخدمت کے سیکڑوں رضاکاروں نے خدمت کے اس عمل میں حصہ لیا۔ یہ بات انہوں نے الخدمت کے چرم قربانی مرکز کے دورے پر کہی ۔امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن اورامیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے بھی چرم قربانی مراکز کا دورہ کیا اور رضاکاروں کے جذبے کی تعریف کی ۔اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹرراشد قریشی و دیگر ذمہ داران موجود تھے ۔نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت کے تحت شہر کے تمام اضلاع میں اجتماعی قربانی مراکز قائم کیے گئے تھے جہاں لوگوں کوبہترین انداز میں قربانی کی سہولت فراہم کی گئی ۔الخدمت کے تحت مظلوم فلسطینیوں کیلئے جدید سلاٹر ہاؤس سینکڑوں جانور ذبح کیے گئے جس کا گوشت تیار کرکے ٹن پیک کی صورت میں غزہ بھجوایا جائے گا ۔ چیف ایگز یکٹو الخدمت نوید علی بیگ نے کہا لوگ الخدمت پراس کے کاموں کی وجہ سے اعتماد کرتے ہیں ،جس طرح لوگوں نے الخدمت کو چرم قربانی دیں، یہ الخدمت پر ان کے اعتماد کا مظہر ہے ۔ خدمت کا عمل جاری رہے گا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں