گیس چوری کیخلاف کریک ڈاؤن جاری، 570 کنکشن منقطع

گیس چوری کیخلاف کریک ڈاؤن جاری، 570 کنکشن منقطع

کراچی(آن لائن)سوئی سدرن نے گیس چوری کے خلاف زیرو ٹالرنس کا مظاہرہ جاری رکھا ہوا ہے ۔تازہ کارروائیوں میں کمپنی کی تھیفٹ کنٹرول ٹیموں نے 570 غیر قانونی گھریلو کنکشن ہٹا دیے ۔

تجارتی مقاصد کے لیے براہ راست لائنوں سے گیس چوری کرنے میں ملوث افراد کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کر دی گئیں۔کراچی میں کسٹمر ریلیشنز ڈپارٹمنٹ کی تھیفٹ کنٹرول ٹیموں نے ایف بی ایریا اور لیاقت آباد میں 550سے زائد غیر قانونی گھریلو زیر زمین اور اوور ہیڈ کنکشنز ہٹا دیے ۔چوری کے زیادہ تر کیسز میں رہائشیوں نے غیر قانونی طور پر گیس کنکشنز بڑھائے ہوئے تھے جنہیں چھاپوں کے دوران ختم کر دیا گیا۔ مزید غیر مجاز کنکشنز کے استعمال کو روکنے کیلئے سوئی سدرن کی ٹیموں نے سروس لائنوں کو بھی ختم کردیا۔نارتھ کراچی میں ایک بیکری فیکٹری کے مالک کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی جو سیکیورٹی سروسز اینڈ کاؤنٹر تھیفٹ آپریشنز (ایس ایس اینڈ سی جی ٹی او) اور سوئی سدرن پولیس کے چھاپے کے دوران سروس لائن کے ذریعے براہ راست ہیوی جنریٹر استعمال کرتے ہوئے پکڑا گیا تھا۔چوری سے ہونے والے نقصانات کی وصولی کیلئے کے دعوے دائر کیے جا رہے ہیں۔ سوئی سدرن باقاعدگی سے چھاپوں اور بھرپور کارروائیوں کے ذریعے گیس چوری کے خطرے پر قابو پانے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے . گیس چوری سوئی سدرن کی جانب سے لائن لاسز یا یو ایف جی کی ایک بڑی وجہ ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں