کمیونٹی پولیسنگ کے تحت نمائش چورنگی پرکیمرے نصب

کمیونٹی پولیسنگ کے تحت نمائش چورنگی پرکیمرے نصب

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کمیونٹی پولیسنگ کراچی کی مدد سے عاشورہ محرم الحرام سے قبل سیکیورٹی انتظامات کو مربوط بنانے کے لیے ایم اے جناح روڈ اور نمائش چورنگی ، نشتر پارک کے اطراف جدید اے این پی آر کیمرے نصب کردیے گئے ہیں۔

اس ضمن میں ڈی آئی جی ایسٹ اظفر مہیسر نے سولجر بازار تھانے میں قائم کنٹرول روم کا افتتاح کردیا۔نصب کیے گئے کیمروں کی خصوصیت یہ ہے کہ وہ گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے علاوہ ہر قسم کی وہیکل کی نمبر پلیٹ کو فوکس کرکے یہ بتا سکتے ہیں کہ گاڑی کسی کرائم میں ملوث ہے یا نہیں۔اس موقع پر ڈی آئی جی ضلع شرقی کا کہنا تھا کہ اے این پی آر کیمرے محکمہ ایکسائز اور اے وی ایل سی کے ڈیٹا سسٹم سے منسلک ہیں جسکے باعث فوری طور پر ایسی گاڑیوں کو پکڑا جاسکے گا جو کسی بھی قسم کے کرائم میں ملوث ہوں گی جبکہ ان کا مزید کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران ڈسٹرکٹ ایسٹ میں 500 سے زائد جلوس نکالے جا رہے ہیں جن کی سکیورٹی کے لیے چھ ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہیں جبکہ اس موقع پر پولیسنگ چیف مراد سونی کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے حصے کا کام کردیا اب دیکھنا یہ ہے کہ پولیس اس سے کتنا استفادہ کرتی ہے اور عام آدمی کو فائدہ پہنچاتی ہے ۔کمیونٹی پولیسنگ کے تحت ایسٹ اور ساؤتھ زون میں ابتدائی طور پر بیس اے این پی آر کیمرے لگائے گئے ہیں اور مزید 80 مقامات پر یہ جدید کیمرے لگائے جائینگے ۔ جس کی مدد سے شہر میں گاڑیاں چوری ہونے اور جرائم کی وارداتوں میں کمی کی امید کی جا سکتی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں