خطرناک قرار عمارتوں کوخالی کرانے کے نوٹسز جاری

خطرناک قرار عمارتوں کوخالی کرانے کے نوٹسز جاری

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی انتظامیہ بارشوں سے قبل مخدوش عمارتوں خالی کرانے کے لئے بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے تعاون سے اقدامات کر رہی ہے ۔

کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت بدھ کو مخدوش اور خطرنا ک عمارتوں کو خالی کرانے کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کراچی ون سید غلام مہدی، ڈپٹی کمشنر جنوبی الطاف ساریو اسسٹنٹ کمشنر ریونیو کمشنر کراچی آفس سجاد ابڑو، بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے کہا کہ ضلع جنوبی میں 450 عمارتیں خطرناک قرار دی گئی ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ خطرناک قرار دی جانے والی تمام عمارتوں کو خالی کرنے کے نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں۔ یوٹیلیٹی لائنوں کو منقطع کرنے کے لئے اداروں سے رجوع کیاگیا ہے ۔ اجلاس میں انتہائی خطرناک اور انتہائی مخدوش عمارتوں کی فہرست پیش کی گئی بتا یا گیا کہ ان میں 40 عمارتیں انتہائی خطرنا ک اور مخدوش ہیں جنہیں خالی کرانے کی ضرورت ہے ۔ فیصلہ کیا گیا کہ ڈپٹی کمشنر جنوبی الطا ف ساریو فوری طور پر بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ،کے الیکٹرک اور سوئی گیس کمپنی کے ساتھ اجلاس منعقد کریں گے ۔اور 40 عمارتوں کی یوٹیلیٹی کنکشنز منقطع کرنے کی کارروائی مکمل کریں گے تاکہ مکینوں کو ان کی زندگی کو محفوظ بنانے کے لئے ان عمارتوں کو خالی کرایا جاسکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں