ملیر ایکسپریس وے ، آئندہ ماہ ایک حصہ کھولنے کی ہدایت

ملیر  ایکسپریس  وے  ،  آئندہ  ماہ  ایک  حصہ  کھولنے  کی  ہدایت

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ملیر ایکسپریس وے کا ایک حصہ اگست کے دوسرے ہفتے میں عوام کیلئے کھولنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت ترقیاتی کاموں کی پیشرفت کے حوالے سے اجلاس ہوا۔انہوں نے واٹر بورڈ کو ہدایت کی کہ حب کینال کے منصوبے کی بحالی کا کام یکم اگست سے شروع کیا جائے تاکہ اسے ایک سال میں مکمل کیا جا سکے ۔ملیر ایکسپریس وے منصوبے کی پیشرفت کے حوالے سے وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ جام صادق سے شاہ فیصل تک 1 تا 15 کلومیٹر کے پہلے حصے کا 77 فیصدکام مکمل ہوچکا ہے جبکہ دوسرا حصہ یعنی شاہ فیصل تا کاٹھور15 تا 38 کلومیٹر 29 فیصدمکمل کیاجاچکا ہے ۔وزیر بلدیات سعید غنی نے بتایا کہ جام صادق پل پر کنیکٹیوٹی کا کام 13 فیصد تک مکمل کیاجاچکا ہے ۔ ای بی ایم انٹر چینج، پیر بخاری نالہ برج، چکورا نالہ برج اور شاہ فیصل انٹر چینج بالترتیب 96 فیصد، 99 فیصد، 99 فیصد اور 90 فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے تاہم قائد آباد کنیکٹیویٹی پر 8 فیصد تک کام کیاجاچکا ہے ۔وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ حکومت سندھ نے حب کینال کی بحالی ، 100 ایم جی ڈی کی نئی کینال کی تعمیر اور 12.73 بلین روپے کی لاگت سے حب کینال کو اپ گریڈ کرنے کا منصوبہ شروع کردیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حب کینال کی بحالی سے کراچی کے تین اضلاع غربی، وسطی اور کیماڑی کے لیے 30 سے 35 فیصد اضافی پانی میسر آئے گا۔ حب کینال سے منسلک نئی کینال کی تعمیر سے ان تینوں اضلاع کو 200 ایم جی ڈی پانی فراہم کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی اہمیت کے پیش نظر صوبائی حکومت کے وسائل سے اس منصوبے کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے ، اس لیے اس منصوبے میں کسی قسم کی کوئی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ انہوں نے ذاتی طور پر اس سارے عمل کی نگرانی کی ہے ۔ کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کے بعد کام تفویض دیا گیا ہے اور جلد ہی اسے شروع کر دیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے میئر کراچی کو ہدایت کی کہ وہ یکم مئی سے کام شروع کریں اوررفتہ رفتہ کام کی تصاویر انہیں بھیجیں۔ میں ذاتی طور پر سائٹ کا دورہ کروں گا اور اگست کے وسط میں کام کی رفتار کا جائزہ لوں گا۔اجلاس میں چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ،وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، کمشنر کراچی حسن نقوی، سیکریٹری بلدیات خالد حیدر شاہ، پی ڈی ملیر ایکسپریس وے نیاز سومرو اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں