ہٹس کے کرایہ کے نئے چالان جاری کرنے کا حکم

ہٹس کے کرایہ کے نئے چالان جاری کرنے کا حکم

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے کے ایم سی کی جانب ہٹس کے کرایے میں اضافے کے خلاف دائر 35 سے زائد درخواستوں پر فیصلہ سنادیا ۔

عدالت نے کے ایم سی کو 15 دن میں ہٹس کے کرایہ کے نئے چالان جاری کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔ کے ایم سی کے وکیل شوکت شیخ کاموقف تھاکہ ہٹس کے کرایہ دار اپنا کرایہ ادا کریں ،درخواست گزاروں کے خلاف کوئی کارروائی نہ کی جائے ۔ درخواست گزاروں کے وکیل کاموقف تھا کہ کے ایم سی وقتا فوقتاً ہٹس کے کرایہ میں اضافہ کررہی ہے ،کے ایم سی نے ایک ہٹ کا کرایہ 18 ہزار روپے سالانہ مقرر کر رکھا تھا ،عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل کے بعد کے ایم سی کے خلاف دائر 35 درخواستیں نمٹا دیں۔مزید برآں سندھ ہائی کورٹ نے سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی ایکٹ کے خلاف دائر آئینی درخواست کی سماعت ایڈووکیٹ جنرل سندھ کی عدم حاضری کے باعث ملتوی کردی ۔ درخواست گزار کے وکیل کاموقف تھاکہ وہ دلائل کے لئے تیار ہیں،طارق منصور ایڈووکیٹ کاموقف تھاکہ میئر کراچی اور ڈپٹی میئر کے نوٹیفکیشن اس درخواست کے فیصلے سے مشروط ہیں،دوران سماعت عدالت عالیہ نے قراردیاکہ ہم ایڈووکیٹ جنرل سندھ کے دلائل سننا چاہتے ہیں، کیونکہ یہ اہم معاملہ ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں