خاتون نے لفٹ کے بہانے موٹر سائیکل سوار کولوٹ لیا

 خاتون نے لفٹ کے بہانے موٹر سائیکل سوار کولوٹ لیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر قائد میں لوٹ مار کی وارداتیں قابو میں نہیں آسکیں،لٹیروں نے وارداتوں کے لیے انوکھے طریقے اختیار کرلیے ، کورنگی میں ایک خاتون نے لفٹ لینے کے بہانے ایک موٹر سائیکل سوار شخص سے واردات کر ڈالی۔

 متاثرہ شہری نے اس واقعے کے بعد عوامی کالونی تھانے میں مقدمے کے اندراج کے لیے درخواست جمع کرائی ہے ۔ متاثرہ شہری کے مطابق، کورنگی سنگر چورنگی پر ایک خاتون نے اسے روک کر لفٹ مانگی۔ تاہم اس خاتون کے ساتھ نقاب پوش مسلح ملزمہ کی مدد کے لیے دو موٹر سائیکل سوار ملزمان بھی موجود تھے۔ متاثرہ شہری نے بتایا کہ جب وہ کورنگی نمبر 5 ماڈل پارک کے پاس ملزمہ کو موٹر سائیکل سے اترنے کا کہا تو ملزمہ اتری اور فورا اپنے ہینڈ بیگ سے اسلحہ نکال کر اس کے سینے پر رکھ دیا۔اس دوران ملزمہ نے متاثرہ شہری سے نقد رقم اور موبائل فون چھین لیا۔ واردات کے بعد ملزمہ اپنے موٹر سائیکل سوار ساتھیوں کے ہمراہ موقع سے فرار ہو گئی۔یہ واقعہ علاقے میں بڑھتی ہوئی جرائم کی شرح کی عکاسی کرتا ہے اور شہریوں میں خوف و ہراس پیدا کر رہا ہے ۔ مقامی پولیس نے متاثرہ شہری کی شکایت پر تحقیقات شروع کر دی ہیں، اور ملزمان کی تلاش میں چھاپے مارنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ پولیس نے شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ایسے واقعات سے بچنے کے لیے احتیاط برتیں اور کسی بھی مشکوک صورتحال کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں