خناق کا تیزی سے پھیلاؤ، رواں سال 28اموات ،160کیسز

خناق کا تیزی سے پھیلاؤ، رواں سال 28اموات ،160کیسز

کراچی (آئی این پی)سندھ میں خناق تیزی سے پھیلنے لگا ہے ، محکمہ صحت سندھ کے مطابق رواں سال سندھ میں خناق کے 160 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

سیکرٹری جنرل پاکستان پیڈیرک ایسوسی ایشن ڈاکٹر خالد شفیع کا کہنا ہے کہ سندھ میں خناق سے اس سال 28 اموات واقع ہوئیں، خناق ایک انتہائی خطرناک مرض ہے ۔خناق کورونا وائرس کے مقابلے میں تیزی سے پھیلنے والا مرض ہے ، لیکن خناق کی موثر ویکسینز موجود ہیں، ویکسین لگانے کے بعد مرض رک جاتا ہے ، خناق 20 سے 30 سالوں سے پاکستان میں نہیں تھا۔انہوں نے بتایا کہ خناق نے آتے ساتھ کے پی کے ، پنجاب اور سب سے زیادہ سندھ کو متاثر کیا ہے ، خناق سے بچا ؤکیلئے بچوں کو حفاظتی ٹیکے ضرور لگوائیں، چھ، دس اور 14 ہفتے کے بچوں کو خناق کا ٹیکا لگایا جاتا ہے ۔ویکسین لگنے سے بیماری کا خدشہ 99.9 فیصد ختم ہوجاتا ہے ، خناق بچوں کا مرض ہے جو اب بڑوں کو بھی ہورہا ہے ، سندھ میں بڑے بھی اس مرض میں مبتلا ہورہے ہیں اگر چہ انکی تعداد کم ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ جنہیں حفاظتی ٹیکے لگے ہیں وہ ایک بوسٹر لگوالیں تو انکی قوت مدافعت بڑھ جائے گی۔انہوں نے کہا کہ گلے میں درد ، کھانسی، آواز میں تبدیلی، گلے میں جھلی سی بن جانا خناق کی علامتیں ہیں، خناق کے جراثیم ایک زہر پیدا کرتے ہیں جو دل، گردے اور دماغ میں اثر کرتے ہیں، خناق میں جان جانے کی وجہ دل، دماغ اور گردوں کا فیل ہوجانا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں