جاری اسکیمیں جلد مکمل کی جائیں ، پراجیکٹ ڈائریکٹر کلک
کراچی(اسٹاف رپورٹر)لوکل گورنمنٹ ڈپارٹمنٹ سندھ اور ورلڈ بینک کے اشتراک سے چلنے والے کلک پراجیکٹ کے تحت کراچی کے تمام ٹاوئنز میں جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار میں بہتری اور کاموں کے معیار کو مزید نکھارنے کے حوالے سے پراجیکٹ ڈائریکٹر کلک عائشہ حمید نے ہدایات جاری کردی ہیں۔
جمعرات کو اسپیشل سیکرٹری بلدیات اور پراجیکٹ ڈائریکٹر کلک عائشہ حمید اور ڈپٹی پراجیکٹ ڈائریکٹر تبریز مری نے مختلف ٹاؤئنز میں واقع کلک پراجیکٹ کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کا دوہ کیا۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر کلک نے بفرزون میں واقع حزیفہ پارک، نارتھ ناظم آباد بلاک اے میں واقع بارہ دری، سلطان آباد میں واقع کوئنز پارک اور گزری میں واقع اکبری گراونڈ میں کلک پراجیکٹ کے تحت ہونے والے ترقیاتی کاموں کی رفتار کا جائزہ لیا اور ضروری ہدایات کا اجرا کیا۔ عائشہ حمید نے ورکنگ سائٹس پر موجود تمام ٹیکنکل اسٹاف کو بطور خاص ہدایت دی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں ورلڈ بینک کی جانب سے تفویض کردہ گائیڈ لائنز اور ایس اوپیز کا بطور خاص خیال رکھا جائے اور سیفٹی اسٹینڈرز پر کسی بھی صورت کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے ۔ عائشہ حمید نے واضح کیا کہ محکمہ بلدیات حکومت سندھ اور ورلڈ بینک کراچی کے بنیادی انفرا اسٹرکچر اور ٹاوئنز کی بحالی کے مشن کی خاطر کمر بستہ ہیں اور اس مقصد کی تکمیل کے لئے کسی بھی قربانی سے گریز نہیں کیا جائے گا۔ کلک پراجیکٹ کو کراچی کے عوام کے لئے مزید فائدہ بخش اور دیرپا بنانے کے لئے حکومت سندھ کی خصوصی دلچسپی کی بدولت کلک پراجیکٹ پہلے سے کہیں زیادہ توانا اور پرعزم ہے ۔