سی اے اے سوسائٹی میں تجاوزات ،مختار کار کی رپورٹ پیش

سی اے اے سوسائٹی میں تجاوزات ،مختار کار کی رپورٹ پیش

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے سول ایویشن اتھارٹی ایمپلائز ہاؤسنگ سوسائٹی پر تجاوزات اور ڈیمارکیشن سے متعلق درخواست پر مختار کار کی رپورٹ کی نقول فریقین کو دینے کی ہدایت کردی۔

دوران سماعت مختیار کار نے رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی۔ عدالت نے سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کردی۔ درخواستگزار کے وکیل نے مؤقف دیا کہ اسکیم 33 میں سول ایویشن اتھارٹی ایمپلائز ہاؤسنگ سوسائٹی کی زمین ہے ۔ ڈیمارکیشن نہ ہونے سے لوگ تجاوزات کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں وفاقی حکومت ایمپلائز ہاؤسنگ سوسائٹی کے الاٹیز نے ایڈیشنل چارجز کے خلاف سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔ ہاوسنگ سوسائٹی کیخلاف درخواست عثمان فاروق ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی گئی۔ دائر درخواست میں موقف اختیار کیاگیا کہ سوسائٹی میں ڈیولپمنٹ کے نام پر 2006اور 2008 میں ایڈیشنل جارجز وصول کیے گئے ، ایک بار پھر اس مد میں 3 لاکھ 30 ہزاروصول کیے جارہے ہیں۔ سوسائٹی کوترقیاتی کام کی ہدایت دی جائے ۔ دریں اثنا سندھ ہائیکورٹ نے شناختی کارڈ بلاک کرنے کیخلاف درخواست پر درخواست گزار سے سفارتخانے کا تصدیق شدہ حلف نامہ طلب کرلیا۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ فیصل عباس 2 سال سے یو کے میں ہے ۔ پاسپورٹ کی تجدید کی درخواست پرمعلوم ہوا کہ شناختی کارڈ بلاک ہے ۔ میرے موکل کے والد کیخلاف نیب کیس ہے ،تاہم میرے موکل کا اس سے تعلق نہیں ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں