میونسپل ٹیکس عوام کا خون نچوڑ کر لیا جا رہا ،سیف الدین ایڈووکیٹ

میونسپل ٹیکس عوام کا خون نچوڑ کر لیا جا رہا ،سیف الدین ایڈووکیٹ

کراچی (آئی این پی)اپوزیشن لیڈر کے ایم سی و نائب امیر جماعت اسلامی کراچی سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کے ذریعے میونسپل ٹیکس کراچی کے عوام کا خون نچوڑ کر لیا جا رہا ہے ۔

مرتضیٰ وہاب نے ٹیکس وصولی کا چیک دکھا کر کراچی کے شہریوں کی دل آزاری کی ہے ۔ کھربوں روپے ٹیکس دینے والے شہریوں سے ایک اور ٹیکس ظالمانہ اقدام ہے ،کے الیکٹرک کے بل میں پہلے ہی مختلف قسم کے ٹیکس عوام جبراً ادا کر رہے ہیں، ایک اور جبری ٹیکس وصول کر کے مرتضیٰ وہاب نے کونسا کارنامہ انجام دیا ہے ، اربوں روپے کی کرپشن ختم کرنے کے بجائے شہریوں سے مزید لوٹ مار کی جا رہی ہے ۔ بلدیہ کراچی میں اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈووکیٹ کی صدارت میں ہفتہ وار جائزہ میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر قاضی صدر الدین، کوآر ڈی نیٹر نعمان الیاس،چیئر مین امید علی قاضی، یوسی چیئر مین محمد ابرار اور سٹی کونسلر تیمور احمد بھی موجود تھے ۔اس موقع پر سیف الدین ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ مرتضیٰ وہاب کو ٹیکس کے چیک کے ساتھ کے الیکٹرک سے کیا جانے والا خفیہ معاہدہ بھی دکھانا چاہیے تھا۔ ان کو یہ بھی بتانا چاہیے تھا کہ کے الیکٹرک نے ایم یو سی ٹی کے نام سے وصول کی جانے والی رقم میں سے خود کتنی رقم رکھی۔کے ایم سی چارجڈ پارکنگ، اشتہارات اور دوسری مدات جو پہلے سے موجود ہیں ان سے وصولی کرنے میں ناکام ہے کیونکہ وہاں اقرباپروری کی بنیاد پر بدترین کرپشن ہو رہی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں