نوجوان بائیک رائیڈر مزدا سے ٹکرا گیا،موقع پر جاں بحق
کراچی (رپورٹ: آغا طارق) گلشن حدید کے قریب مین نیشنل ہائی وے پر تیز رفتار موٹر سائیکل ریس نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی۔
بائیک رائیڈنگ کرتے ہوئے 25 سالہ نوجوان گھاس سے بھری ہوئی مزدا میں جاکر لگا اور موقع پر جاں بحق ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیل ٹاؤن تھانے کی حدود گلشن حدید کے قریب مین نیشنل ہائی وے پر موٹر سائیکل ریس میں حصہ لینے والا نوجوان شیری گجرجاں بحق ہو گیا۔نوجوان شیری بائیک رائیڈنگ کے شوق میں ہائی وے پر موٹر سائیکل ریس میں شامل تھا اور اچانک گاڑی کراس کرتے ہوئے دوسری سائیڈ سے جانے والی گھاس کی مزدا کے پیچھے ٹکرایا اور موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جب کہ اسکا دوسرا دوست شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل بے قابو ہو کر گھاس سے بھری مزدا سے ٹکرا گئی۔ موٹر سائیکل مزدا میں لگنے کے باعث گلشن حدید کا رہائشی شیری گجر جاں بحق جاں بحق ہوگیا۔ متوفی نوجوان کی لاش کو ایمبولینس کے ذریعے اسپتال پہنچایا گیا جبکہ پولیس نے گھاس سے بھرا مزدا اپنی تحویل میں لے لیا۔واقعے کی اطلاع ملنے پر شیری کے گھر میں صف ماتم بچھ گیا۔شہریوں کاکہنا ہے کہ موٹرسائیکلوں پر اسٹنٹ دکھانے والے کراچی کے نوجوان بنیادی طور پر بائیک رائیڈنگ سے واقف نہیں ،مغربی ممالک حتیٰ کہ پاکستان کے پڑوسی ملکوں میں ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرایا جاتا ہے ،وہاں بائیک ریسنگ کے لیے سیفٹی کو ملحوظ خاطر رکھا جاتا ہے ۔