دودھ دینے والے مویشیوں کی آمد پر اضافی ٹیکس وصولی
کراچی (رپورٹ:آغا طارق )اندرون ملک سے کراچی آنے والے دودھ دینے والے جانوروں پر گڈاپ ٹاؤن کا اضافی ٹیکس وصول کیا جانے لگا،فی جانور پر 600 روپے کے بجائے 750 روپے اور ابراہیم حیدری ٹاؤن کے 400 روپے الگ ٹیکس وصولی کا سلسلہ شروع ہو گیا ۔
فی جانور کا کراچی میں داخلہ پر 1350 روپے ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے جس میں مارکیٹ کمیٹی کا 200 روپے ٹیکس بھی شامل ہے ۔تفصیلات کے مطابق گڈاپ ٹاؤن اور ابراہیم حیدری ٹاؤن میں ٹیکس وصولی کے معاملے پر اختلافات کے بعد خدیجی اسٹاپ سپر ہائی وے اور بوری بابا مزار نیشنل ہائی وے پر قائم ٹیکس وصولی کی چنگیوں پر اندرون ملک سے آنے والے جانوروں پر مقررہ ٹیکس سے زیادہ ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے اور ایک ہی مقام پر 3 محکموں کے ٹیکس وصولی کے باعث بیوپاری سخت پریشانی کا شکار ہو گئے ہیں ۔جانوروں کے بیوپاریوں اور ڈیری فارمرز نے چوہدری فاروق حطار اور غلام صفدر بھٹی کے سربراہی میں احتجاجی مظاہرہ کیا ۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ گڈاپ ٹاؤن اور ابراہیم حیدری ٹاؤن ٹیکس وصولی کے نام پر بھتہ وصول کر رہے ہیں اور ٹیکس نہ دینے والے بیوپاریوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے ،ہم کسی بھی صورت میں اضافی اور بھتا ٹیکس نہیں دیں گے اگر سندھ حکومت اور کمشنر کراچی نے مطالبہ تسلیم نہیں کیے تو ہم چنگیوں کے سامنے اپنے جانور ذبح کریں گے ۔