یونیورسٹی آف میرپورخاص کا پہلا انٹری ٹیسٹ ،750طلبہ شریک
میرپورخاص ( بیورو رپورٹ) میرپورخاص کی پہلی سرکاری یونیورسٹی آف میرپورخاص کے پہلے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں 750 سے زائد طلبا وطالبات نے شرکت کی،ٹیسٹ کے نتائج اتوار کی شام کو ہی جاری کر دیے جائیں گے ۔
تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی آف میرپورخاص میرپورخاص کی پہلی سرکاری خودمختار یونیورسٹی ہے اور اس کا قیام ایک سال قبل عمل میں آیا ہے ، جامعہ کا پہلا انٹری ٹیسٹ منعقد کیا گیا جس میں 750 سے زائد امیدواروں نے شرکت کی ۔ ٹیسٹ کے لئے کل 26 بلاک بنائے گئے جس میں سے 19 بلاک بوائز اور 9 بلاک گرلز کے شامل تھے ۔ ٹیسٹ میں 24 فیصد گرلز امیدواروں نے شرکت کی ، ٹیسٹ میں میرپورخاص کے علاوہ تھرپارکر،کھپرو،عمرکوٹ،جھڈو اور ٹندو الہیار کے علاوہ دیگر اضلاع کے امیدواروں نے حصہ لیا ۔ وی سی ڈاکٹر رفیق میمن نے کہا کہ پری انٹری ٹیسٹ کے لئے 1300 سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں۔