قصبوں اور شہروں کو یکساں ترقیاتی فنڈدیا جائے ،کاشف شیخ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ نے مطالبہ کیا کہ صوبے کے تمام قصبوں اور شہروں کو ترقیاتی فنڈز میں برابر حصہ دیا جائے ۔۔
تاکہ وہاں بسنے والے شہریوں کو اپنی دہلیز پر بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ سندھ کے دوسرے شہروں کی تیز رفتار ترقی سے نہ صرف معیشت کو فروغ ملے گا بلکہ شہریوں میں احساس محرومی کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ صوبائی امیر کاشف سعید شیخ نے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں مزید کہا کہ سندھ کے دسرے چھوٹے اہم شہروں میں جدید تعلیم اور صحت کی سہولیات کا فقدان ہے اور ان شہروں کے لوگوں کو بہتر معاش تعلیم اور صحت کی دیکھ بھال کے لیے کراچی جانا پڑتا ہے ۔ سندھ کے دوسرے چھوٹے شہروں میں شہری انفراسٹرکچر پنجاب کے انہی شہروں کے انفراسٹرکچر سے بہت پیچھے ہے ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی اور وفاقی حکومتیں سندھ کے دوسرے چھوٹے شہروں کی تیز رفتار ترقی کے لیے خصوصی فنڈز مختص کریں۔ ان کے التوا میں پڑے ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے ۔ اس سلسلے میں انہوں نے سکھر حیدرآباد موٹر وے کے دیرینہ منصوبے کا خاص طور پر قابل ذکر ہے اسی طرح جامشورو سے سیہون تک دو رویہ سڑک دس سال گزرجانے کے باوجود مکمل نہیں ہوسکی ہے ۔ انہوں نے سیاحوں اور آس پاس کے علاقوں کے رہائشیوں کو سہولیات کے لیے سیاحتی مرکز گورکھ ہل کو فوری طور پر ترقیاتی کام مکمل کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔