ہوٹل مالکان مسافروں کا اندراج یقینی بنائیں،آئی جی
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک )آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ ہوٹل آئی سافٹ ویئر میں ہر مسافر کے اندراج کو یقینی بنانے کیلئے ہوٹل مالکان کو پابند کیا جائے ۔
آئی جی غلام نبی میمن کی زیر صدارت صوبے میں امن و امان کے قیام اور جرائم کی روک تھام کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 میں رکھے جانے والے جدید آلات کی خصوصیات اور استعمال پر افسران سے رائے طلب کی گئی۔ غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ تمام متعلقہ ایس ایس پیز ہوٹلوں، مسافر خانوں اور عارضی قیام گاہوں میں ہوٹل آئی کے استعمال کو یقینی بنائیں، غیرقانونی عارضی قیام گاہیں چلانے والوں کے خلاف متعلقہ محکمہ کو قانونی کارروائی کرنے سے متعلق آگاہ کیا جائے ۔ تمام متعلقہ ایس ایس پیز مفرور و اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے جاری ایکشن میں مزید تیزی لائیں، ملزمان کے شناختی کارڈ کا اندراج ای وی ایس، ہوٹل آئی، تلاش ایپ اور دیگر ایپس میں یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی نمائش میں رکھے گئے جدید آلات کی فہرست کو باہم مشاورت ترتیب دیا جائے ، آلات کی خصوصیات، کارکردگی اور خریداری کے حوالے سے متعلقہ ادارے سے جلد رابطہ کیا جائے ۔غلام نبی میمن نے کہا کہ کچے کے علاقوں میں جرائم کے خاتمے اور شہروں میں امن و امان کے قیام کے مدنظر جدید آلات کی خریداری سے متعلق سفارشات مرتب کی جائیں۔