اتحاد ٹاؤن کی بجلی منقطع کرنے سے متعلق درخواست پر کے الیکٹرک کو نوٹس
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے کے الیکٹرک کی جانب سے محمد کالونی اتحاد ٹاؤن کی بجلی منقطع کرنے سے متعلق درخواست پر کے الیکٹرک اور دیگر کو نوٹس جاری کردیے ۔
آئینی بینچ کے روبرو کے الیکٹرک کی جانب سے محمد کالونی اتحاد ٹاؤن کی بجلی منقطع کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف دیا کہ کے الیکٹرک انتظامیہ نے علاقے کا پی ایم ٹی اتار لیا ہے ،پورا علاقہ بجلی سے محروم ہے ۔ آئینی بینچ کے سربراہ جسٹس کے کے آغا نے ریمارکس دیے کے الیکٹرک کو نوٹس جاری کردیا ہے ، جواب آنے پر فیصلہ کیا جائے گا۔درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ بجلی کے بلوں کی عدم ادائیگی پر بجلی منقطع کی گئی ہے ۔ کے الیکٹرک انتظامیہ چند لوگوں کی سزا پورے علاقہ مکینوں کو نہیں دے سکتی۔ عدالت نے 10 دسمبر کو جواب طلب کرلیا۔