کالجوں میں طلبہ کی بائیومیٹرک حاضری کے نفاذ کامطالبہ

 کالجوں میں طلبہ کی بائیومیٹرک حاضری کے نفاذ کامطالبہ

حیدر آباد(نمائندہ دنیا)آل پاکستان متحدہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن حیدرآباد سیکٹر کے وفد نے سیکٹر آرگنائزر حماد رضوان کی قیادت میں سیکٹر کمیٹی اراکین کے ساتھ ڈائریکٹر کالجز پروفیسر ناصر اقبال سے ملاقات کی۔

اے پی ایم ایس او کے وفد نے ڈائریکٹر کالجز کو طلبہ کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے انہیں حل کرنے کیلئے تعاون کی درخواست کی۔اے پی ایم ایس او کے سیکٹر آرگنائزر حماد رضوان نے کہا کہ کالجز میں طلبہ کی مسلسل غیر حاضری پر فوری نوٹس لیتے ہوئے بائیو میٹرک نظام متعارف کروا کر نظامِ حاضری کو ڈیجیٹائز بنایا جائے ۔ ملاقات میں حیدرآباد کے مختلف کالجوں میں درپیش تعلیمی مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی اور کالجوں میں طلبہ کی مسلسل غیر حاضری پر تشویش کا اظہار کیاگیا۔وفد نے کہاکہ کالجز میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے بی ایس (BS)پروگرام کے آغاز کا سلسلہ جلد از جلد شروع کیا جائے ، اسی کے ساتھ کالجز کو دیئے گئے شعبہ جات میں بھی اِضافہ کیا جائے اور کالج کے لئے جو سیٹوں کی تعداد مختص کی گئی ہے اُس میں بھی اِضافہ کیا جائے ، تاکہ گزشتہ برس میں پاس ہونے والے طلبہ بھی اِس موقع سے مستفید ہو سکیں ۔ انہوں نے کہاکہ طلبہ میں بی ایس پروگرام کے حوالے سے کالجز میں آگاہی پروگرام کا سلسلہ شروع کیا جائے ۔ اے پی ایم ایس او حیدرآباد سیکٹر کی تمام سفارشات سننے کے بعد ریجنل ڈائریکٹر آف کالجز ناصر اقبال نے ان مسائل کو فوری حل کرنے اور سال 2025 کے شروع میں بی ایس (BS) پروگرام کا آغاز کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں