آتشزدگی کے واقعات ، جھگیاں اور چپلوں کا گودام جل گیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر قائد میں آتشزدگی کے دوواقعات میں جھگیاں اور چپلوں کا گودام جل گیا۔
تفصیلات کے مطابق احسن آباد سپر ہائی وے کے قریب جھگیوں میں آگ لگی جس سے گھریلوسامان جل کر خاکستر ہوگیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔متاثرین کا کہنا ہے کہ ہماری 30 سے 35 جھگیوں میں آگ لگی آتشزدگی سے جھگیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔متاثرین کا کہنا ہے کہ آگ لگنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا لیکن بستر، برتن ،کپڑے اور دیگر گھریلو سامان جل کر خاکستر ہوگیا ہے اور آگ پر قابو پالیا گیا لیکن ہمارا سارا سامان تباہ ہوگیا۔متاثرین نے حکومت سے امداد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں گھر، بستر اور کھانا دیا جائے ہمارے بچے سردی سے کانپ رہے ہیں ہم بھیک نہیں مانگتے بلکہ برتن اور کپڑے فروخت کرتے ہیں اور ہمارا آبائی تعلق سکھر اور شکار پور سے ہے ۔علاوہ ازیں رزاق آباد میں چپلوں کے گودام میں آتش زدگی کا واقعہ پیش آیا، تاہم کسی قسم کا جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا اور ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔پولیس ٹریننگ سینٹر رزاق آباد کے قریب چپلوں کے گودام میں آگ لگنے کی اطلاع پر پولیس ، رینجرز اور فائربریگیڈ کی ایک گاڑی موقع پر پہنچ گئی۔ ترجمان فائربریگیڈ کے مطابق عملے نے ایک گاڑی کی مدد سے ایک گھنٹے میں آگ پر قابو پالیا ، جس کے بعد مزید ایک گھنٹے تک کولنگ کا عمل جاری رہا ۔