ٹاؤنز چیئرمینوں کو ترقیاتی کام تیز کرنے کی ہدایت
کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ تمام ٹائونز کے چیئرمین اپنے اپنے ٹائونز میں ترقیاتی کاموں کو تیز کریں اور جو ترقیاتی کام جاری ہیں ان کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے ۔
تمام ٹائونز کے ترقیاتی منصوبوں پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اپنے دفتر میں پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے کراچی کے ٹاؤنز چیئرمینوں کا اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی کراچی کے جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری، تمام ٹائونز کے چیئرمین اور دیگر نے شرکت کی۔سعید غنی نے مزید کہا کہ تمام ٹائونز کے چیئرمین اپنے اپنے ٹائونز میں ترقیاتی کاموں کو تیز کریں اور جو ترقیاتی کام جاری ہیں ان کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جن ٹائونز میں سوئی گیس، واٹر بورڈ یا دیگر کسی ادارے کے کام جاری ہیں ان کے کاموں کو تیز کروایا جائے اور فوری وہاں گلیاں اور سڑکوں کی تعمیر کی جائے ۔ سعید غنی نے کہا کہ تمام ٹائونز کے ترقیاتی منصوبوں پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی واضح اور دو ٹوک ہدایات ہیں کہ منتخب نمائندے بلا رنگ و نسل اور سیاسی وابستگی صرف اور صرف عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ عوام کے اعتماد پر پورا اترنا تمام منتخب نمائندوں کی اولین ذمہ داری ہے ۔ اگر کوئی یہ ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام رہتا ہے تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔