سندھ حکومت کے تحت گدھوں کی ریس، سرتاج فاتح

سندھ حکومت کے تحت گدھوں کی ریس، سرتاج فاتح

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت محکمہ کھیل کے تحت کراچی ڈنکی کارٹ ریس کا انعقاد ہوا۔ سرتاج نامی گدھے نے مسلسل دوسری بار ریس جیت لی۔

 ترجمان کے مطابق آئی سی آئی ٹاور، مائی کلاچی روڈ سے شروع ہونے والی ریس میں لیاقت آباد سے تعلق رکھنے والے عارف کا گدھا سرتاج اول رہا اور ایک لاکھ روپے انعام کا حق دار ٹھہرا۔ قبل ازیں سرتاج چمپئنز گدھا گاڑی ریس میں بھی اول آیا تھا۔بجلی نامی گدھے کے سوار طارق نے دوسری جبکہ کالا کے نام سے معروف گدھے کا سوار ذاکر تیسرے نمبر پر رہا۔چائے پتی نامی گدھے کے سوار اصغر نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔دوسری پوزیشن پر 75 ہزار اور تیسری پوزیشن پر 50 ہزار جبکہ اگلی پوزیشنز پانے والے چار سواروں کو 25،25 ہزار روپے بطور انعام دیے گئے ۔ ریس میں 40 سے زیادہ گدھا گاڑیوں نے شرکت کی۔ فریئر ہال پر ختم ہوئی گدھا گاڑی ریس کی تقریب تقسیم انعامات میں مہمان خصوصی سیکریٹری کھیل عبدالعلیم لاشاری نے انعامات اور شیلڈز تقسیم کیں۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے گدھا گاڑی ریس میں حصہ لینے والے مالکان کی رجسٹریشن کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر کی ہدایت پر رجسٹریشن کے بعد گدھا گاڑی ریس کے سواروں کو مالی اور انتظامی مدد فراہم کی جائیگی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں