گیس بندش اور پریشر میں کمی نے شہریوں کا جینامحال کردیا
کراچی(سٹی ڈیسک)سردی شروع ہوتے ہی گیس کی لوڈشیڈنگ اور پریشر میں کمی نے شہریوں کو رلادیا۔شہرقائد میں گیس بجلی کے مسائل جاری تھے کہ گیس کی لوڈشیڈنگ کادورانیہ ساڑھے 8گھنٹوں سے زائد تک پہنچ گیا۔
لائنزایریا،جمشید روڈ،پی آئی بی کالونی،شاہ فیصل کالونی،سرجانی ٹاؤن،قائد آباد،سمن آباد سمیت مختلف علاقوں میں گیس کی بندش اور پریشر میں کمی نے عوام کا جینا محا ل کردیا ہے ، گیس کی لوڈشیڈنگ کادورانیہ ساڑھے 8گھنٹوں سے زائدہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سوئی سدرن کے شکایتی مراکز پرکوئی سنوائی نہیں ہوتی ، لکڑیوں اور ایل پی جی سیلنڈرکے استعمال سے اخراجات بڑھ گئے ہیں ، دن بھر گیس کے تعطل اور پریشرمیں کمی کی اذیت جھیلنی پڑتی ہے ۔گیس بندش کی وجہ سے صبح کے اوقات میں اہلخانہ کی کفالت کے لیے نکلنے والے مردوں کو بغیر ناشتے کے دفاتر اور اپنے کاموں پر جانا پڑتاہے اسی کے ساتھ بچے بھی گیس نہ ہونے کی وجہ سے بغیر کھائے اسکولوں یاٹیوشن سینٹر ز کو روانہ ہوتے ہیں۔ شہریوں کا مزید کہنا ہے کہ مہنگائی ویسے ہی آسمان کو چھورہی ہے ایسے میں گیس بلوں نے بھی براحال کردیاہے ۔انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیاکہ مذکورہ صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے گیس کی لوڈشیڈنگ اور پریشر میں کمی سے نجات دلائی جائے ،تاکہ ہمیں ریلیف مل سکے ۔ جب کہ ترجمان سوئی سدرن کا کہنا ہے کہ لائن پیک کو روزانہ کی بنیادوں پربہتر بنایاجاتاہے ۔