پی پی سلیکٹڈ نہ فارم 47والی، کٹھ پتلیاں ایٹمی اثاثوں کے سودے کیلئے تیار ہیں : بلاول بھٹو

گڑھی خدا بخش:(دنیا نیوز)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی سلیکٹڈ ،نہ فارم 47والی ہے،کٹھ پتلیاں ایٹمی اثاثوں کے سودے کیلئے بھی تیار ہیں۔

شہید بے نظیر کی 17ویں برسی پر گڑھی خدا بخش میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زداری کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو غریب کی لیڈر تھیں، انہوں عالمی سطح پر لیڈر تسلیم کیا گیا، محترمہ نے شہادت تسلیم کی لیکن اپنے نظریے پر سمجھوتا نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ بے نظیر کی سیاسی جدوجہد تاریخ کا حصہ ہے، وہ کبھی کسی آمر اور دہشت گرد کے سامنے نہیں جھکیں، ان کی 30 سال کی سیاسی جدوجہد آپ کے سامنے ہے، بے نظیر بھٹو کسانوں ، ہاریوں کی آواز تھیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان ایسی جگہ پر کھڑا ہے جہاں مشکل ہی مشکل ہے، عوام مشکل میں اس لیے ہیں کہ محترمہ کو شہید کیا گیا ، اسلام آباد میں ایسی کٹھ پتلیاں ہیں جنہیں صرف کرسی کا شوق ہے ، یہ کٹھ پتلیاں ایٹمی اثاثوں کا سودا کرنے کیلئے بھی تیار ہیں ، بے نظیر کو اس لیے شہید کیا گیا تاکہ ان کٹھ پتلیوں کو لایا جاسکے۔

بلاول بھٹو زرداری نے نام لیے بغیر (ن)لیگ پرکڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی نہ سلیکیڈ نہ فارم 47والی ہے، ہم نےاس وقت فیصلہ کیا ،جومہنگائی میں کمی اوراستحکام لانےوالوں کا ساتھ دیں گے، ہم نےاس وقت معاہدے پردستخط کیے تھے، ایک سیاست دان ان کےبارے میں کہتا تھا جب مشکل میں ہو تو پاؤں جب نکل جاتےہوتوگریبان پکڑتےہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نےحکومت سازی کےدوران کہا آپ حکومت بنائیں، ہم نےمعاہدے میں لکھا پی ایس ڈی پی مل کربنائیں گے اور سیلاب متاثرین کی ضروریات کو پورا کریں گے، ہم نے حکومت سازی کے دوران کوئی وزارت نہیں مانگی تھی، آج افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ ہم معاہدے پرعملدرآمد کرانےمیں ناکام رہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ اس طرح حکومتیں نہیں چلتیں، حکومت کی ذمہ داری ہے ہرمسئلے پر پارلیمان کواعتماد میں لے، اگراتفاق رائے سے چلیں گے تو عوامی مسائل کا حل نکال لیں گے، حکومت کےپاس یکطرفہ فیصلےکرنےکا مینڈیٹ موجود نہیں ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ حکومت کےپاس اتفاق رائے سے فیصلے کرنےکا مینڈیٹ موجود ہے، صدرسےاپیل کرتا ہوں وہ حکومت کو اتفاق رائے سے فیصلے کرنے کی تجاویزدیں، اتفاق رائے سے کیے جانے والے فیصلے ہی مضبوط ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگرہم نےدہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہےتواتفاق رائےسےفیصلےکریں، اگرہم نےسیاسی استحکام لانا ہےتوتمام فیصلےاتفاق رائےسے کیےجائیں، حکومت کی کینال کی پالیسی پرہمیں سخت اعتراض ہے، حکومت کی کینال سےمتعلق پالیسی ہمارے معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سازش پاکستان کےخلاف پک رہی ہے، اس سازش کا مقابلہ کرنےکےلیےہمیں ایک ہونا پڑے گا، قائد عوام ذوالفقار بھٹو کا سب سے بڑا قصور ملک کو ایٹمی ٹیکنالوجی دینا تھا، غیر ملکی عناصر چاہتے ہیں ایٹم بم کسی اسلامی ملک کےپاس نہ ہو۔

بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ حال ہی میں امریکا نےمیزائل پرپابندیاں لگائی ہیں، پوری دنیا کوبتانا چاہتا ہوں جب تک پیپلزپارٹی موجود ہےایٹم بم پرسمجھوتہ نہیں کرنےدیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں