پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹرائی سیریز کے فائنل کے لیے ٹریفک پلان جاری

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ٹرائی سیریز کے فائنل کے لیے ٹریفک ایڈوائزری پلان جاری کر دیا گیا۔

میچ کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شائقین کرکٹ کو اسٹیڈیم تک رسائی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے ایک ہزار سے زائد وارڈنز تعینات کیے گئے ہیں۔

چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق قذافی اسٹیڈیم، ٹیموں کے روٹس اور متبادل راستوں پر ٹریفک پولیس کے اہلکار فرائض سرانجام دیں گے۔ ڈیوٹی پر 2 ایس ایس پیز، 7 ڈی ایس پیز اور 90 انسپکٹرز بھی تعینات ہوں گے۔

رانگ پارکنگ کے خاتمے کے لیے 10 فورک لفٹرز اور 7 بریک ڈاؤنز بھی تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ شائقین کرکٹ کی سہولت کے لیے 4 پارکنگ اسٹینڈز مختص کیے گئے ہیں۔ اسٹیڈیم تک رسائی کے لیے شٹل سروس بھی فعال رہے گی۔

سی ٹی او لاہور کے مطابق مال روڈ، کینال روڈ، جیل روڈ اور مین بلیوارڈ روڈ گلبرگ ٹریفک کے لیے کھلی رہیں گی۔ میچ کے دوران کسی بھی سڑک کو ٹریفک کے لیے بند نہیں رکھا جائے گا، تاہم ٹیموں کی نقل و حرکت کے دوران سڑکیں چند لمحوں کے لیے بند کی جائیں گی اور ٹیموں کی موومنٹ گزرتے ہی تمام ڈائیورشنز کھول دی جائیں گی۔

ٹریفک پلان کے مطابق مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ اور فیروز پور روڈ سے آنے والے شائقین فیروز پور روڈ کے راستے گورنمنٹ کالج فار بوائز میں گاڑیاں پارک کر سکیں گے۔

ٹھوکر، جوہر ٹاؤن اور کاہنہ کی جانب سے آنے والے شہری کلمہ چوک اور سینٹر پوائنٹ کے راستے گورنمنٹ کالج فار بوائز میں پارکنگ کر سکیں گے۔

اسی طرح کینٹ اور ڈیفنس کی جانب سے آنے والے شائقین کرکٹ سی بی ڈی، سن فورٹ ہوٹل اور لبرٹی مارکیٹ میں اپنی گاڑیاں پارک کر سکیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...