پرنٹنگ مارکیٹوں میں 6گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کامطالبہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کراچی کے صدر محمود حامد ،پاکستان اسمال پرنٹنگ پریس ایسوسی ایشن کے چیئرمین سید لیاقت علی عثمان شیخ اور برہان الدین نے برنس روڈ و آرام باغ کی پرنٹنگ مارکیٹوں میں کاروباری اوقات میں 6گھنٹہ لوڈ شیڈنگ شروع کرنے پر شدید غم غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے کے الیکٹرک کا تاجر اور معیشت دشمن فیصلہ قرار دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ تاجر دشمن فیصلہ فوری طورپر واپس لیا جائے ۔
تاجر رہنماؤں نے کہا سخت سردی کے موسم میں جبکہ بجلی کی ضروریات کم ہو جاتی ہیں ایسے میں پرنٹنگ مارکیٹوں میں چھ گھنٹے کی طویل لوڈ شیڈنگ کے الیکٹرک کی نااہلی اور بدانتظامی کا اعلیٰ شاہکار ہے ۔انہو ں نے مزید کہا کہ کے الیکٹرک کے اس اقدام سے چھوٹے پرنٹر اور کاٹیج انڈسٹری بری طرح متاثر ہو رہی ہے ، کے الیکٹرک اپنے صارفین سے چار پانچ سو فیصد زیادہ بل وصول کر رہی ہے اور ایسی سنگدلانہ وصولی کے بعد بھی ظالمانہ لوڈ شیڈنگ کر کے صارفین،تاجروں کو فاقہ کشی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے جو قابل مذمت ہے ۔تاجر رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ کے الیکٹرک کی نااہلی ،کرپشن کے ثبوت سامنے آنے کے بعد اس کا لائسنس فوری طور پر منسوخ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر فوری طور پر اس ظالمانہ فیصلے کو واپس نہیں لیا گیا تو اس تاجر دشمنی پر عنقریب احتجاج کیا جائے گا۔