نارتھ ناظم آباد جمخانہ کے کنٹرول کیلئے کے ایم سی کا نوٹیفکیشن معطل

نارتھ ناظم آباد جمخانہ کے کنٹرول کیلئے کے ایم سی کا نوٹیفکیشن معطل

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے کے ایم سی کی جانب سے نارتھ ناظم آباد جمخانہ کا کنٹرول سنبھالنے سے متعلق نوٹیفکیشن معطل کردیا۔

 سندھ ہائی کورٹ کے سنگل رکنی بینچ نے کے ایم سی کی جانب سے نارتھ ناظم آباد جمخانے کا کنٹرول حاصل کرنے کے الزام سے متعلق دیوانی سوٹ کی سماعت کی۔وکیل مدعی نے عدالت کو بتایا 2009 میں سٹی گورنمنٹ نے نارتھ ناظم آباد بلاک جی میں جمخانہ کے لئے اراضی 30 سالہ لیز پر دی تھی، ٹرسٹ کے تحت 2014 میں جمخانے کا قیام عمل میں لایا گیا، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن کے ایم سی نے رواں ماہ غیر قانونی طور پر جمخانہ کے بائی لاز سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کیا ہے ، ڈپٹی کمشنر وسطی اور ایس ایس پی وسطی کی جانب سے جمخانے کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے کئے سرکلر بھی جاری کئے گئے ، فریقین جمخانہ مینجمنٹ کمیٹی کے الیکشن کے ذریعے جمخانہ کا کنٹرول حاصل کرنا چاہتے ہیں، نارتھ ناظم آباد جمخانہ اپنے کوڈ آف کنڈیکٹ کے تحت خودمختار ادارہ ہے ۔ عدالت نے کے ایم سی سمیت دیگر فریقین کے نوٹیفکیشن اور سرکلرز معطل کرتے ہوئے فریقین سے 6 جنوری تک جواب طلب کرلیا۔ علاوہ ازیں سندھ ہائیکورٹ کے دو رکنی آئینی بینچ نے ایف بی ایریا میں پارک کی اراضی پر غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کیس میں درخواست گزار کو اسپیشل کورٹ سے رجوع کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں