میئر کی گولیمار آمد،پی پی کارکنوں کیساتھ چائے پی،مسائل کا جائزہ

میئر کی گولیمار آمد،پی پی کارکنوں کیساتھ چائے پی،مسائل کا جائزہ

کراچی(آئی این پی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے گولیمار کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے شہید شاہ نواز چوک گولیمار پر پارٹی کارکنوں کے ساتھ چائے پی اور مسائل کا جائزہ لیا۔

مرتضیٰ وہاب نے متعلقہ حکام کو گولیمار میں آر او پلانٹ کو توسیع دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ 50 ہزار گیلن گنجائش کے آر او پلانٹ کو 3 لاکھ گیلن تک بڑھائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ گولیمار اور دیگر علاقوں میں صفائی اور پانی و سیوریج کے نظام کو بھی بہتر بنا رہے ہیں۔مرتضیٰ وہاب نے اعلان کیا کہ شہید بے نظیر بھٹو فٹ بال گراؤنڈ اور پارک بھی جلد بحال کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں میئر نے کہاہے کہ کراچی میں کھلاڑیوں کی زبردست صلاحیت کو کو دنیا کے سامنے لایا جائے ، باقاعدگی کے ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں کا انعقاد خوش آئند ہے ، ہمیں ثقافتوں کو مثبت طریقے سے اجاگر کرنا ہے ۔ یہ بات انہوں نے کمشنر کراچی اسپورٹس فیسٹیول کے تحت کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں کبڈی میچ دیکھنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی،اس موقع پر کمشنر کراچی حسن نقوی، اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر عیسیٰ خان اور حازم بھنگوار، کبڈی ایسوسی ایشن کے صدر غلام یاسین، ڈائریکٹر اسپورٹس بلدیہ عظمیٰ کراچی آفتاب قائم خانی اور دیگر بھی موجود تھے ۔ مرتضیٰ وہاب نے میچ کے اختتام پر فاتح ٹیم کو انعامات دیے اور انہیں اچھے کھیل پر شاباش دی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں