ریڈلائن منصوبہ کراچی کیلئے گیم چینجز،مزید تاخیر کے متحمل نہیں ہوسکتے،شرجیل میمن
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ریڈ لائن منصوبے کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سی ای او ٹرانس کراچی طارق منظور چانڈیو، بین الاقوامی کنسلٹنٹس اور دیگر حکام کی شرکت کی۔
اجلاس میں بس ڈیپوز اور ٹرمینلز کے تعمیراتی کام میں پیش رفت، اور یوٹیلیٹیز کی منتقلی جیسے چیلنجز سمیت دیگر پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں سی ای او ٹرانس کراچی طارق منظور چانڈیو نے پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس کے موقع پر بین الاقوامی کنسلٹنٹس نے تعمیراتی عمل میں بین الاقوامی معیارات کی پاسداری یقینی بنانے اور چیلنجز پر قابو پانے کیلئے اپنی تکنیکی سفارشات پیش کیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی کراچی شہر کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے ، چیلنجز سے نمٹنے اور پراجیکٹ کی ٹائم لائنز کو پورا کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبہ کراچی کے مسافروں کیلئے گیم چینجر ہے ، ہم اس میں مزید تاخیر کے متحمل نہیں ہو سکتے ۔ اجلاس کے دوران شرجیل انعام میمن کی جانب سے محکمہ ٹرانسپورٹ کو یوٹیلیٹی سروس فراہم کرنے والوں کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھنے کی بھی ہدایات دیں اور کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو یوٹیلیٹی کی منتقلی اور تعمیرات کو تیز کرنے جیسے مسائل کو حل کرنے کی مربوط کوششیں کرنی چاہئیں۔