بن بلائے مہمان:شادیوں میں چوری کرنیوالی فیملی پکڑی گئی
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پولیس نے شادی ہالوں میں منعقدہ تقریبات میں مہمانوں کے پرس،سونا اور لفافے چوری کرانے والے بن بلائے مہمان ملزم کو گرفتار کر کے بیوی اور بیٹیوں کو حراست میں لے لیا۔ملزم کے قبضے و نشاندہی پر چوری کئے گئے پرس اور شادی میں دیے جانے والے لفافے بھی برآمد کر لیے گئے ۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کو گزشتہ ایک ماہ سے مختلف شادی ہالز سے قیمتی سامان چوری ہونے کی درجنوں شکایات موصول ہو رہی تھیں۔پولیس نے ابتدائی ایک دو شکایات کے بعد اس معاملے کو حل کرنے کیلئے اپنی ٹیمیں ضلع وسطی کے شادی ہالز میں تعینات کیں اور وہاں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز حاصل کیں۔سی سی ٹی وی میں پولیس نے ایک مشتبہ شخص کی نشاندہی کی جسے شادی ہال میں موجود خاتون نے کچھ سامان لا کر دیا۔ پولیس نے بغور معائنہ کیا تو انہیں اندازہ ہوا کہ چادر میں لپٹا یہ سامان دراصل شادی میں شریک خواتین کے پرس ہیں۔پولیس نے متعدد شادی ہالز کی فوٹیجز حاصل کیں جن میں یہی شخص ہال کے باہر موٹر سائیکل کے ساتھ کھڑا نظر آیا جو خاتون سے سامان وصول کر رہا تھا۔ایس ایچ او شارع نور جہاں عابد شاہ نے بتایا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزم راشد غنی کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔وارداتوں میں شریک ملزم کی بیوی، نوعمر و کمسن بیٹیوں کو بھی حراست میں لے گیاہے ۔ ملزمان ناظم آباد چار نمبر کے رہائشی ہیں، وہ بن بلائے لوگوں کی شادیوں میں شریک ہوتے تھے اور موقع پا کر شادی ہال سے سامان چوری کیا کرتے تھے ۔
ملزموں نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا کہ وہ اپنے گھر سے اچھے کپڑے پہن کر تیار ہوکر موٹر سائیکل پر شادی ہالز میں جایا کرتے تھے ، کسی بھی شادی ہال کے باہر رکتے اور صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد شادی ہال میں جانے کا فیصلہ کرتے تھے ۔خاتون موٹر سائیکل سے اتر کر شادی ہال میں جاتی اور ملزم شادی ہال کے باہر موٹر سائیکل پر انتظار کرتا،خاتون موقع پا کر شادی ہال سے خواتین کے پرس اور دیگر قیمتی سامان اُٹھاتی اور باہر نکل کر اپنے شوہر کے حوالے کر دیتی تھی۔ملزم نے پولیس کو بتایا کہ ان کی کوشش ہوتی تھی کہ وہ پرس چرائے جائیں جن میں سلامی کے لفافے ہوتے ہیں۔پولیس کے مطابق ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے درجنوں شادی ہالز میں وارداتیں کی ہیں اور چوری شدہ خالی پرس وہ اپنے گھر کی چھت پر پھینک دیتا تھا۔پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر چوری کیے گئے پرس برآمد کر لیے جبکہ چوری شدہ سونا خریدنے والوں کیخلاف بھی تحقیقات کی جارہی ہیں ۔ ملزم راشد غنی کا کہنا ہے کہ وہ درزی اور الیکٹریشن کا کام جانتا ہے لیکن کام نہ ملنے کی وجہ سے وہ اس کام میں پڑ گیا جبکہ چوری کیے جانے والے خواتین کے پرس میں موبائل فون ، نقدی اور جیولری سمیت دیگر سامان بھی موجود ہوتا تھا۔پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کیلئے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا۔