غیر قانونی ہائیڈرنٹ کا مقدمہ ریٹائرڈ میجر کے خلاف درج
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ملیر کے علاقے سکھن میں پانی کی بڑی چوری اور غیر قانونی ہائیڈرنٹ چلانے کا مقدمہ ریٹائرڈ میجر کے خلاف درج کرلیا گیا ہے ۔
طاقتور پانی مافیا روزانہ کروڑوں روپے مالیت کی پانی چوری اور غیر قانونی ہائیڈرنٹ چلارہا تھا ۔مقدمہ واٹر کارپوریشن افسر ذوالفقار حیدر کی مدعیت میں درج کروایا گیا ہے ۔ حکام واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ مقدمے میں ریٹائرڈ میجر راشد،طلحہ باری ودیگر اشخاص نامزد کیے گئے ہیں۔ ایک آر او پلانٹ کے نام پر غیر قانونی ہائیڈرنٹ چلایا جارہا تھا۔ حکام کاکہنا ہے کہ مقدمہ درج ہونے کے بعد پولیس نے تفتیش شروع کردی ہے پولیس کو بیانات دے دیئے ہیں ۔دوسری جانب ذرائع کا دعویٰ ہے کہ مقدمے میں تین اہم شخصیات کے نام کا اندراج واٹر کارپوریشن افسران پر دبائو ڈال کر رکوایا گیاہے ۔واٹر کارپوریشن کے چیف سیکورٹی آفیسر کرنل ریٹائرڈ انجم نے بتایا ہے کہ سکھن تھانے کی حدود میں مذکورہ مقام پر قریباً 2 ایکڑ کے پلاٹ پر پہلے ’’زینتھ آر او پلانٹ‘‘قائم تھا، جس کی آڑ میں پانی چوری کا بڑا نیٹ ورک چل رہا تھا، پانی چوروں نے یہاں واٹر کارپوریشن کی لائن پنکچر کر کے پانی کا ذخیرہ کرنے کے لیے بہت بڑا انڈر گرائونڈ واٹر ٹینک بنایا ہوا تھا اور غیر قانونی ہائیڈرنٹ سے بائوزر کے ذریعے پانی مہنگے داموں آئل ریفائنری کو فروخت کیا جارہا تھا۔بروقت اطلاع ملنے پر رینجرز اور واٹر کارپوریشن نے یہاں گرینڈ آپریشن کیا۔