گلشن حدید کو 10جنوری سے پانی بند کرنے کافیصلہ
کراچی (رپورٹ: آغا طارق )پاکستان اسٹیل مل انتظامیہ نے گلشن حدید کو 10 جنوری سے پانی کی فراہمی بند کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سرکلر جاری کر دیا ۔
انتظامیہ نے گلشن حدید کے تینوں فیزکے مکینوں کو آگاہ کیا ہے کہ اسٹیل مل کے مالی حالات خراب ہونے کی وجہ سے رہائشی کالونیوں کو پانی کی فراہمی نہیں کی جا سکتی اس لیے 10 جنوری کے بعد مل انتظامیہ پانی فراہم نہیں کرے گی ۔تفصیلات کے مطابق اسٹیل مل انتظامیہ نے 40 سال سے گلشن حدیداسٹیل ٹاؤن کو ملنے والی پینے کے پانی کی سہولت سے دستبرداری کا اعلان کردیا۔اسٹیل مل انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ خبرنامے کے مطابق گلشن حدید کو پانی کی فراہمی کراچی واٹر بورڈ کے ذمے داری ہے اس لئے 10 جنوری 2025 کو پاکستان اسٹیل مل انتظامیہ مذکورہ رہائشی علاقوں کو پانی دینا بند کر دے گی،اس لیے گلشن حدید کے رہائشی پانی کے اس سلسلے میں واٹر بورڈ کارپوریشن سے رابطہ کریں ۔مل انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ اس خبر نامے سے گلشن حدید کے عوام میں بے چینی اور پریشانی پیدا ہوگئی۔ اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر ایم پی اے محمد ساجد جوکھیو اور پیپلزپارٹی ملیر کے جنرل سیکریٹری امداد جوکھیو نے کہا کہ اگر 10 جنوری کو پانی بند کیا گیا تو ہم عوام کے ساتھ ہوں گے ، عوام کو بنیادی سہولیات دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے ۔