ایمرجنسی رسپانس گاڑیوں کو نادرا اور ایکسائز ڈپارٹمنٹ کے نظام کےساتھ منسلک کرنے کی ہدایت
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ڈی ایچ اے میں سیف سٹی اتھارٹی کے ہیڈکوارٹر کے اچانک دورے پر پہنچ گئے۔۔
اور ہدایت دی کہ ہنگامی صورتحال میں فوری شناخت اور گاڑیوں کی رجسٹریشن کا ڈیٹا اسی وقت حاصل کرنے کے لیے ایمرجنسی رسپانس گاڑیوں کو نادرا اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈپارٹمنٹ کے نظام کے ساتھ منسلک کیا جائے ۔وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے ۔ وزیر اعلیٰ کو ڈی جی سندھ سیف سٹی اتھارٹی آصف اعجاز شیخ نے منصوبے کی پیشرفت اور صلاحیتوں پر بریفنگ دی ۔ وزیر اعلیٰ نے کراچی کے سکیورٹی انفرا اسٹرکچر کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بہتر بنانے کے لیے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ گاڑیوں کو سسٹم کے ساتھ مربوط کرنے سے ملزمان کی شناخت اور گاڑی کی رجسٹریشن کی تفصیلات فوری طور پر حاصل کی جاسکتی ہیں اور کسی بھی ہنگامی حالت میں ٹارگٹڈ ایکشن لیا جاسکے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ ہنگامی ردعمل کے لیے ڈیٹا تک فوری رسائی ضروری ہے ۔ بریفنگ کے دوران پورے سیف سٹی انفرا اسٹرکچر کو نادرا اور ایکسائز سسٹم کے ساتھ مربوط کرنے کے وسیع منصوبے پر بھی غور کیا گیا تاکہ وسیع، باہمی مربوط نگرانی اور جوابی کارروائی کا نیٹ ورک تشکیل دیا جاسکے ۔ وزیراعلیٰ نے سیف سٹی حکام کو ہدایت کی کہ پورے منصوبے کو 2025 میں مکمل کرنے کے لیے کوششیں تیزکریں۔ انہوں نے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوام کے تحفظ اور کراچی کو محفوظ اور اسمارٹ شہر بنانے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔