کندھ کوٹ :لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر نوجوان قتل
کندھ کوٹ،اندرو ن سندھ (نمائندگان دنیا) کندھ کوٹ میں ڈاکوؤں نے دن دہاڑے موٹر سائیکل چھیننے کے دوران مزاحمت پر نوجوان کو گولیاں مار کر قتل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کندھ کوٹ میں غوثپور انڈس ہائی وے بی سیکشن تھانے کی حدود دبئی ہوٹل کے مقام پر گاؤں سے شہر آنے والے موٹر سائیکل سوار عابد علی بھیو کو نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے روک کر اسلحہ کے زور پر موٹرسائیکل چھیننے کی کوشش کی اور مزاحمت کرنے پر گولیاں چلا دیں جس کی وجہ سے نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا ۔واقعے کی اطلاع پر پولیس پہنچ گئی اور نوجوان کی لاش کو سول اسپتال پہنچایا۔ لاڑکانہ قمبر روڈ پر موٹر سائیکل سوار تین مسلح ملزمان نے تاجر سراج احمد گوپانگ اور اس کے دوست کو یرغمال بناکر 3 لاکھ روپے سے زائد کی رقم اور 3 موبائل چھین لیا او ربآ سانی فرار ہو گئے ، واقعے کے خلاف متاثرہ تاجر نے اپنی برادری کے لوگوں کے ہمراہ لاڑکانہ قمبر روڈ پر دھرنا دیا جہاں انہوں نے شدید نعرے بازی بھی کی۔اس موقع پر متاثرہ تاجر سراج احمد گوپانگ نے بتایا کہ میں اپنے دوست کے ہمراہ موٹرسائیکل پر قمبر سے لاڑکانہ آرہا تھا کہ موٹرسائیکل سوار تین ملزمان نے اسلحے کے زور پر یرغمال بناکر 3 لاکھ روپے سے زائد رقم اور 3 موبائل فون چھین لیے اور فرار ہوگئے ۔انہوں نے ڈی آئی جی اور ایس ایس پی لاڑکانہ سے اپیل کی کہ معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے مسروقہ رقم اور موبائل فونز واپس دلایا جائے۔