سکھر :ثقافتی میوزیکل نائٹ شو میں ٹیبلوز اور ڈرامے پیش

 سکھر :ثقافتی میوزیکل نائٹ شو میں ٹیبلوز اور ڈرامے پیش

سکھر (رپورٹ: شنکرلعل وادھوانی) سکھر انتظامیہ کی جانب سے منعقدہ (ہماری ثقافت، ہمارا سکھر)ثقافتی میوزیکل نائٹ شو کے دوران شہر کے ثقافتی ورثے کو اجاگر کیا گیا۔

دوران پروگرام معروف فنکاروں نے علاقائی و ثقافتی دھنوں پر سر بکھیر ے ۔اطلاعات کے مطابق سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن (سرسو)کے تحت مہران کلچر کمپلیکس میں ہونے والے میوزیکل نائٹ شو میں دیہات کی عورتوں، بچوں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر سرسو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد ڈتل کلہوڑو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکھر کا کلچرل شاہکار ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 2003 میں سندھ حکومت نے ‘‘سرسو ’’تنظیم بنائی ،جس نے لاکھوں دیہاتی عورتوں کو نہ صرف منظم کیا بلکہ انہیں تربیت فراہم کرتے ہوئے خود مختیار بھی بنایا ہے ،مستقبل میں مزید 5 لاکھ عورتوں کو منظم کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ سرسو بغیر سود کے چھوٹے قرضے فراہم کر رہی ہے جن سے دیہاتی عورتیں چھوٹے کاروبار کا آغاز کرتی ہیں اور زندگیوں میں تبدیلی لاتی ہیں ۔ اس دوران معروف وکیل و کالم نویس سہیل لطیف میمن کی ڈاکیومنٹری پیش کی گئی جس میں بتایاگیا کہ لینس ڈاؤن پل انجینئرنگ کا ایک شاہکار ہے جس میں ایفل ٹاور سے زیادہ لوہا استعمال کیا گیا ہے ۔دوسری جانب تقریب میں بچوں اور بچیوں نے مختلف ثقافتی ٹیبلوز پیش کرکے خوب داد وصول کی ۔علاوہ ازیں اس موقع پر موجود شرکا ء ڈراموں اور تھیٹر ز سے خوب لطف اندوز ہوئے ۔ تقریب کے دوران مختلف شعبوں کی شخصیات اور متحرک ممبران کو یادگار ی شیلڈز دی گئیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں