لوڈشیڈنگ سے ہزاروں ہنر مند بے روزگار ، شدید مہنگائی کے باعث فاقوں کی نوبت
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)موسم سرما میں بھی بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ نے ہزاروں ہنر مندوں کو بے روزگار کردیا،دن بھر بجلی نہ ہونے سے الیکٹریشن ، ویلڈرز،لیتھ کی مشین پر کام کرنے والے دکاندار ہاتھ پر ہاتھ دھر کر بیٹھ گئے ۔۔
شدید مہنگائی کے دور میں ہنر مند افراد کے گھر فاقوں کی نوبت آگئی،کے الیکٹرک نے دن میں کئی گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی وجہ بجلی کی چوری اور بلوں کی عدم ادائیگی کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کے الیکٹرک نے گزشتہ ایک سال میں شہر قائد سے تقریباً دو لاکھ سے زائد کنڈے اور بجلی کے ناجائز کنکشن منقطع کیے لیکن لوگ کنڈے دوبارہ لگالیتے ہیں جبکہ صارفین کا کہنا ہے کہ ایریل بنڈل ہونے کے بعد کنڈے کے الیکٹرک کے عملے کی ملی بھگت کے بغیر نہیں لگ سکتے ۔ذرائع کے مطابق کے الیکٹرک کی جانب سے یومیہ بنیادوں پر کیے جانے والے آپریشن کے باوجود کنڈا مافیا ختم نہیں کیا جاسکا،کے الیکٹرک کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ہر ہفتے شہر قائد سے 5 ہزار اور ماہانہ تقریباً 20 ہزار کنڈے ہٹائے جاتے ہیں۔اس طرح سالانہ تقریباً 2 لاکھ 40 ہزار کنڈے ہٹائے جاتے ہیں لیکن کنڈا مافیا دوبارہ کنڈے لگالیتا ہے ۔ کے الیکٹرک کے بیشتر صارفین نے کے الیکٹرک کے اس دعوے کے جواب میں سوال کیا ہے کہ اگر اتنی تعداد میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن ہورہا ہے تو پھر یومیہ 10 گھنٹے بجلی بند کرنے کا کیا جواز ہے ۔ اسٹار صارفین بھی یومیہ 10 گھنٹے کی بجلی کی لوڈشیڈنگ کا عذاب بھگت رہے ہیں۔