ہنگامہ آرائی کے 19ملزمان عدالتی ریمانڈپرجیل منتقل
کراچی(اسٹاف رپورٹر)انسداد دہشت گردی منتظم عدالت نے نمائش دھرنے کے دوران ہنگامہ آرائی، پولیس پر حملے اور املاک کو نقصان پہنچانے کے مقدمے میں گرفتار 19 ملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
تفصیلات کے مطابق نمائش چورنگی پر مذہبی جماعت کی جانب سے دھرنے کے دوران ہنگامہ آرائی، پولیس پر حملے اور املاک کو نقصان پہنچانے کے مقدمے میں گرفتار کم عمر لڑکوں سمیت 19 ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا، تفتیشی افسر نے عدالت سے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا ی، تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا ہے جبکہ ملزمان کے پتھراؤ سے 3 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں، عدالت نے تفتیشی افسر کی جانب سے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر مقدمے کا چالان پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ریاست کے خلاف بلوے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے ، اپنے حق کیلئے احتجاج کریں لیکن حق کیلئے قانون کو ہاتھ میں نہ لیں، پولیس کی عزت کریں، پولیس کی وجہ سے ہم سب محفوظ ہیں۔ ملزمان میں اصغر شہیدی، حامد علی، زاہد حسین، سید عباس، احمد علی، محمد عباس، ایان، حنان، نثار حسین، صادق علی، حمزہ، سہیل عباس، زین ، حسن رضا، صادق علی، ایوب، صدیق، شایان اور شکیل شامل ہیں۔