قبرستانوں میں زائد رقم وصول کرنے والی مافیا کے خلاف فیصلہ کن کارروائی
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب کی ہدایت پر شہر قائد کے قبرستانوں میں زائد رقم اور قبروں کو مسمار کرنے والے مافیا کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا آغاز ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق میئر کراچی نے شہر خموشاں میں تدفین کے عوض زائد رقم وصول کرنے اور قبروں کو مسمار کرنے والے مافیا کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی جس کی روشنی میں سخی حسن قبرستان سے گورکن کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا گیا۔آپریشن کی سربراہی اے ڈی سی ون سینٹرل عاصم میمن نے کی اور ٹیم میں ڈائریکٹر قبرستان سرور عالم اے سی نارتھ ناظم آباد، ڈی ایس پی نارتھ ناظم آباد، ایس ایچ او شاہرا نور جہاں شامل تھے ۔کارروائی کا مقصد شہر کراچی کے لوگوں کے لیے اپنے لواحقین کی تدفین کے لیے آسانی پیدا کرنا ہے ۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عوام سے گزارش کی جاتی ہے کہ وہ 14300 سے زائد رقم وصول کرنے والوں کی شکایت 39 13 پر درج کرائیں۔میئرکراچی کو شکایت موصول ہوئی تھی کہ شہر کے قبرستانوں میں 25 سے 50 ہزار روپے مافیا کے لوگ قبر کے شہریوں سے وصول کررہے ہیں جس پر یہ کارروائی کا آغاز کیا گیا۔