گورنر کا5لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی کورسز کرانے کا اعلان
کراچی (نیو زایجنسیاں)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے سال نو کے موقع پر گورنر ہاؤس سندھ میں 40 منٹ تک آتش بازی کرکے عالمی ریکارڈ قائم کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور گورنر ہاؤس میں عالمی ریکارڈ قائم ہونے پر عوام کو مبارکباد دی۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا کہنا تھا کہ آتشبازی کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا گیا ہے ، عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا ہوا، سندھ کو ایک اور عالمی ریکارڈ کا حامل بنا دیا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز گورنر سندھ نے سال نو کا جشن عالمی طرز پر منانے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ لندن، پیرس اور نیویارک کی طرح کراچی میں بھی شاندار آتش بازی ہوگی۔سالِ نو کی آمد کو اْمید اور روشنی کی کرنوں کے ساتھ خوش آمدید کہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی کی رونقیں بحال کرنے کے لیے اپنی بھرپور کوشش جاری رکھوں گا۔ گورنر ہاؤس میں کلچرل پروگرامز شہریوں کو امید اور حوصلہ دینے کی ایک کاوش ہیں۔گورنر سندھ نے نئے سال میں مزید 5 لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی کے کورسز مفت کروانے کا اعلان بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ نئے برس گورنر اینیشیٹو کو دو گنا بڑھا دیں گے ، گزشتہ برس 9 لاکھ راشن بیگز تقسیم اور 50 ہزار نوجوان آئی ٹی کورسز کر رہے ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ نئے برس روزگار، صاف پانی، سستی بجلی کی فراہمی اور صفائی کو یقینی بنائیں گے ۔