سندھ حکومت کا معذوروں کیلئے سٹی کمپلیکس کی تعمیر کا عندیہ

سندھ حکومت کا معذوروں کیلئے سٹی کمپلیکس کی تعمیر کا عندیہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر توانائی، ترقی و پلاننگ سید ناصرحسین شاہ نے معذور افراد کے حقوق پر صوبائی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ حکومت معذور افراد کیلئے 80 ایکڑ پر مشتمل سٹی کمپلیکس تعمیر کرانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے معذوروں کیلئے سب سے زیادہ قانون سازی کی ہے ۔

ا نہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق معذور افراد کیلئے سندھ حکومت نے دیگر صوبوں کی نسبت کافی کام کیا ہے ۔ 9 لاکھ سے زائد معذور افراد سندھ میں رجسٹرڈ ہیں، تمام ڈویژن میں شیلٹرز ہوم قائم ہونے چاہئیں اور اس کیلئے نئے بجٹ میں اسے شامل کیا جانا چاہیے ۔ ا نہوں نے کہا کہ معذور افراد کو ملازمتیں دی گئی ہیں اور سکھر میں پرائیوٹ اداروں میں کوٹہ پر عمل کرایا جائے گا۔ معذوروں کے جعلی سرٹیفکیٹ کے خاتمہ اور بہتری کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور ون ونڈو آپریشن میں نادرا سمیت دیگر متعلقہ اداروں کی عدم شمولیت کو ختم کیا جائے گا۔ مزید کہا کہ 2 ارب روپے معذوروں کی فلاح و بہبود کئے ، این جی اوز کو گرانٹ دی جاتی ہیں، ہم بہتری کی طرف جارہے ہیں اور مزید بھی ضرورت ہے ۔ ا نہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بھی خصوصی افراد کیلئے سندھ حکومت کی جانب سے اٹھائے اقدامات کو سراہتی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں